یامی گوتم اور پاکستانی اداکار علی ظفر کی فلم ٹوٹل سیاپا کا پہلا ٹریلر ریلیز

8کروڑ روپے کے بجٹ کی حامل فلم کی ہدایات ایشورنواس دینگے، انوپم کھیراور انکی بیوی کرن آشا کے والدین کا کرداراداکریں گے


Showbiz Desk November 27, 2013
کہانی مسلمان لڑکے اور ہندو لڑکی میں محبت پر مبنی ہے، اس فلم سے سرحد پار بھی اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہوجاؤں گی، یامی گوتم فوٹو: فائل

یامی گوتم اور پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر کی رومانوی اور کامیڈی فلم ''ٹوٹل سیاپا'' کے پوسٹر کے بعد پہلا ٹریلر بھی جاری کر دیا گیا۔

اس سلسلہ میں بھارت کے فلمی شہر ممبئی میں ایک رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں علی ظفر، یامی گوتم، فلم کے ہدایتکار ایشور نواس اورپروڈیوسر اور مصنف نیرج پانڈے بھی موجود تھے۔ ریلائنس بگ انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم میں نامور اداکار انوپم کھیر اپنی اہلیہ کرن کھیر کے ساتھ کام کریں گے اور یہ پہلی فلم ہوگی جس میں دونوں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ 8 کروڑ روپے کے بجٹ کی حامل اس فلم کا نام جو پہلے ''امن کی آشا'' تھا جسے تبدیل کرکے ''ٹوٹل سیاپا'' رکھا گیا ہے، کا میوزک بھی پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر ہی دے رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس فلم کو 31 جنوری 2014ء کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ فلم میں علی ظفر مسلمان لڑکے امان اور یامی گوتم آشا کا کردار اداکریں گی جب کہ انوپم کھیر آشا کے والد اور ان کی بیوی کرن کھیر والدہ کا کردار اداکریں گی۔ سارہ خان آشا کی بہن کے رول میں اپنی پرفارمنس دکھائیں گی۔

فلم کی کہانی کے مطابق امان جو کہ ایک پاکستانی پاپ گلوکار ہے (علی ظفر) اور آشا (یامی گوتم) برطانیہ میں مقیم پنجابی لڑکی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم اس وقت دلچسپ مرحلے میں داخل ہوجاتی ہے جب امان اور آشا ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔ فلم کا مرکزی خیال خاندان والوں کی طرف سے لڑکی پر لگائی جانے والی روائتی پابندیوں پر مبنی ہے اور اس میں بھارت اور پاکستان میں موجود حقیقی فرق کو دکھایا گیا ہے جب کہ دنوں اپنے مذہب اور علاقے کے برخلاف ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ اس فلم کے متعلق خیال کیا جارہا ہے کہ یہ دونوں طرف کے لوگوں میں محبت اور امن کی شمع روشن کرنے میں مدد دے گی۔ اپنی اس فلم کے متعلق پاکستانی اداکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ ''ٹوٹل سیاپا'' بھارت اورپاکستان کو ایک دوسرے کے قریب لائے گی اور بھارت میں رہنے والے لوگوں کی طرح پاکستانی بھی اس فلم کے لطف اندوز ہوں گے۔



ایک سوال علی ظفر کا کہنا تھا کہ میں بھارت میں بہترین وقت گزاررہاہوں اور مجھے یہاں تجربہ کار لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔فلم ساز اور مصنف نیرج پانڈے کا کہنا تھا کہ پہلے اس فلم کا نام ''امن کی آشا'' رکھا گیا تھا کیونکہ اس میں مرکزی کردار میں لڑکے کا نام امان اور لڑکی کا نام آشا تھا اور انھیں پر یہ فلم بیس کرتی مگر اب یہ فلم اس سے بڑھ کرہے اس لیے اس کا نام جو کہ پنجابی ہے ''ٹوٹل سیاپا'' رکھ دیا گیا۔ اس موقع پر فلم کی ہیروئن اداکارہ یامی گوتم کا کہنا تھا کہ فلم ٹوٹل سیاپا میں میرا کردار پہلی فلموں سے بالکل مختلف ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ میں نے ترقی کی ہے اپنی اس فلم کی وجہ سے میں سرحد پار بھی لوگوں میں دیکھی جاؤں گی اور وہ بھی میری پرفارمنس کی تعریف کریں گے۔ یامی نے کہا کہ میرے متعلق یہ کہنا کہ نکتہ چیں ہوں درست نہیں ہے۔

میں سمجھتی ہوں کہ میں بالی ووڈ میں نئی ہوں اور اپنی پہلی ہی فلم کے بعد مجھے اچھا رسپانس ملا تھا اور اس کے بعد کرداروں کے انتخاب میں محتاط ہونا قدرتی امر ہے کیونکہ ایک اداکار کے طور میں کبھی نہیں چاہوں گی کہ میں وہی کردار دوبارہ کروں جو اس سے پہلے میں کرچکی ہوں۔فلم ''ٹوٹل سیاپا'' کی کہانی بالکل مختلف ہے اور اس کا کسی بھی صورت میری پہلی فلم سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ فلم میں آشا سنگھ کا کردار بالکل مختلف ہے اور فلم کی کہانی لندن میں مقیم پیار کرنے والے پاکستانی لڑکے اور ہندوستانی لڑکی کے گرد گھومتی ہے۔ ادکارہ کا کہنا تھا کہ ہر اداکار کا اپنا مائنڈ سیٹ ہوتا ہے اور وہ اسی کے مطابق پرفارم کرتاہے اس لیے پہلے سے ہی کسی بھی فلم کے کامیاب یا ناکام ہونے کے متعلق کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

ایک سوال کے جواب میں یامی نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں بہت زیادہ مقابلہ بازی ہے اور میں اس سے اچھی طرح واقف ہوں مگر اگر میں کسی دباؤ کے تحت کام کروں گی تو یہ میرے لیے بہتر نہیں ہوگا۔ میرا تعلق انڈسٹری سے نہیں تھا اور میں کسی دوسرے علاقے سے یہاں تک پہنچی ہوں جس پر میں بہت خوش ہوں۔ جب میں بیرونی دنیا میں جاکر لوگوں کا رسپانس دیکھتی ہوں تو یہ میرے لیے بہت خوشگوار ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں