ترکی نے شام کا ایک اور طیارہ مار گرایا

تین دن میں ترک فضائیہ نے شامی فوج کا تیسرا طیارہ مار گرایا ہے

ترک فضائیہ کے لڑاکا طیارے نے شامی طیارے کو فضا میں نشانہ بنایا، فوٹو : فائل

ترکی کے لڑاکا طیارے نے ادلب میں ایک اور شامی طیارے کو مار گرایا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے ادلب میں ترک فضائیہ کے لڑاکا طیارے نے شام کے ایک اور جنگی طیارے ایل-39 کو مار گرایا ہے۔ دو روز قبل بھی ترکی نے شام کے 2 جنگی طیارے مار گرائے تھے۔

ترک وزارت دفاع نے بھی شامی طیارے کو مار گرانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شامی فضائیہ کے طیارے کو پہلے وارننگ بھی دی گئی تھی جسے نظر انداز کیا گیا۔


یہ خبر پڑھیں : ترکی نے شامی فوج کے دو طیارے مار گرائے

ترجمان ترک وزارت دفاع نے مزید کہا کہ ہماری فوجیں ادلب کے بعض علاقوں میں دہشت گردوں کے تسلط کو ختم کرنے تک آپریشن جاری رکھے گی جن کی وجہ سے شامی پناہ گزینوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے میں دشواری کا سامنا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : شامی حکومت کے فضائی حملے میں 29 ترک فوجی جاں بحق

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شام میں ایک فضائی کارروائی کے دوران 30 سے زائد ترک فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے جواب میں ترک حکومت نے سخت ردعمل دینے کا عندیہ دیا تھا اور یکم مارچ کو شامی فضائیہ کے 2 طیاروں کو مار گرایا تھا۔
Load Next Story