2020ء لوگوں کو نوکریاں دینے اور شرح نمو بڑھانے کا سال ہوگا وزیراعظم

وسائل بہتر ہوجائیں گے تو سب سے زیادہ پیسہ ہاؤسنگ، تعلیم، انصاف پر خرچ کیا جائے گا، عمران خان


ویب ڈیسک March 03, 2020
محروم طبقے اور زندگی کی ریس میں پیچھےرہ جانے والوں کی مدد کرے، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وسائل بہتر ہوجائیں گے تو سب سے زیادہ پیسہ ہاؤسنگ، تعلیم، انصاف پر خرچ کیا جائے گا، 2020ء لوگوں کو نوکریاں دینے اور شرح نمو بڑھانےکا سال ہوگا۔

کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اعتماد ہی خیراتی ادارے کی کامیابی کا رازہے، عوام کو اعتماد ہوجائے کہ ان کا پیسہ صحیح جگہ پرخرچ ہوگا تو وہ پیسہ دیتے ہیں، جب میں کینسراسپتال بنارہا تھا تو بتایا گیا کہ 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی، اس وقت یہ بہت مشکل تھا لیکن پھر لوگوں نے اعتماد کیا اور اب ہرسال عوام شوکت خانم کے لیے بڑھ چڑھ کرحصہ دیتے ہیں، خیراتی ادارے کی طرف سے کم لاگت گھروں کی فراہمی بڑااقدام ہے، لوگوں کو اخوت پروگرام پراعتماد ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرتی ہے، یہ ریاست کا کام ہے کہ محروم طبقے اور زندگی کی ریس میں پیچھےرہ جانے والوں کی مدد کرے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کمزورطبقے کو اٹھائے، قرضہ دے کر گھر بنانے میں پاکستان برصغیرمیں سب سے پیچھے ہے، وسائل بہتر ہوجائیں گے تو سب سے زیادہ پیسہ ہاؤسنگ، تعلیم، انصاف پرخرچ کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کم تنخواہ دار طبقے کو چھت کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، کمزور طبقے کو سہارا دینے کا تصور ریاست مدینہ سے لیا، صحت انصاف کارڈ ملک میں ایک انقلاب ہے، کے پی حکومت نے تمام غریبوں کو صحت کارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب میں 50 لاکھ ہیلتھ کارڈ تقسیم کیے جاچکے، غریب طبقے کو وسائل کی فراہمی کے لیے اقدامات کررہے ہیں، اسلام آباد میں بلیو ایریا پروجیکٹ لانچ کر دیا گیا، پروجیکٹ سے ملنے والا پیسہ غریبوں کو گھروں کی فراہمی پرخرچ ہوگا، 2020ء لوگوں کو نوکریاں دینے اور شرح نمو بڑھانےکا سال ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔