کٹھ پتلی حکومت کو ملکی ادارے نہیں بیچنے دیں گے بلاول بھٹو

بہت جلد پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی اور مزدوروں کےحقوق و مراعات میں اضافہ ہوگا، بلاول بھٹو


ویب ڈیسک March 04, 2020
ہمیشہ سلیکٹڈحکومت میں ملکی اداروں کی نجکاری ہوتی ہے، بلاول بھٹو (فوٹو: فائل)

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمیشہ سلیکٹڈحکومت میں ملکی اداروں کی نجکاری ہوتی ہے، پرویزمشرف ملکی ادارے بیچ نہیں سکا تو کوئی کٹھ پتلی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں مزدوروں کے حقوق پر ہر طرف سے حملے ہورہے ہیں، مزدوروں کامعاشی قتل کیاجارہاہے، 15مہینےمیں بےروزگاری میں جتنا اضافہ ہوا گزشتہ 10سال کے دوران بھی نہیں ہوا، عوام کے معاشی قتل کی گزشتہ بجٹ میں نشاندہی کی تھی، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ بیٹھ کرمزدوروں کے حقوق کی سودے بازی کررہی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جب بھی سلیکٹڈ حکومت آتی ہے تو اداروں کو اونے پونے داموں بیچاجاتا ہے، ادارے جب منافع میں ہوں تو اس میں مزدورکو حصہ نہیں دیاجاتا، جب ادارے نقصان میں ہوں تومزدوروں کو بھی اس کا حصہ بنا دیا جاتا ہے، اب واحد راستہ ہے کہ عوام اور مزدوروں کی حکومت ہو جو ان کے مسائل حل کرسکے، ہم کٹھ پتلی حکومت کو ملک کے کسی ادارے کی نجکاری نہیں کرنے دیں گے، ہم اداروں کومضبوط بنائیں گے پھر دیکھتے ہیں کہ کیسے اداروں کی نجکاری ہوتی ہے، ہمیں ایک نئی لیبر پالیسی لانا ہوگی، امید ہےعدلیہ آج بھی مزدورں کا ساتھ دے گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مزدوروں کو ان کے حقوق دلانا ہمارا منشور ہے، ہم مل کر مزدوروں کے خلاف سازش کو ناکام بنائیں گے اور ان کے حقوق کیلئے جدوجہد کریں گے، بہت جلد پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی اور مزدوروں کےحقوق و مراعات میں اضافہ ہوگا، ان کی اتنی تنخواہ ہوگی کہ مزدور گھر چلا سکے، بچوں کاعلاج معالجہ کراسکے، ہمیں متحد ہونا ہوگا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں کیسے مزدوروں کیلئے آگے بڑھنا ہے، جن اداروں میں مزدوروں کاخون پسینہ شامل ہے وہ ہم نہیں بیچنے دیں گے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں