کورونا وائرس سندھ حکومت کا وفاق سے غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کی منفی خبریں اور غلط اعداد وشمار پھیلائے جا رہے ہیں، ایف آئی اے کارروائی کرے، حکومت سندھ

منظم سازش کے ذریعے کورونا وائرس کے حوالے سے شہریوں کو خوفزدہ کیا جارہا ہے، حکومت سندھ۔ فوٹو:فائل

سندھ حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق غلط افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف وفاق سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے منفی وجھوٹی خبروں کے ذریعے عوام میں خوف وہراس پھیلنے پر سندھ حکومت نے وفاق سے رجوع کرلیا ہے اور صوبائی محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھ کر منفی پروپیگنڈا پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


محکمہ داخلہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے منفی خبریں اور غلط اعداد وشمار پھیلائےجا رہے ہیں، جعلی اعداد وشمار اور دستاویزات کے باعث شہریوں کو خوف میں مبتلا کیا جارہا ہے، ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل کے ذریعے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔

حکومت سندھ نے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ صوبائی محکمہ تعلیم نے کورونا وائرس کی کیسز سامنے آنے اور کیسز میں اضافے کے خدشے کے باعث اسکولز کی اپریل تک بندش کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، منظم سازش کے ذریعے کورونا وائرس کے حوالے سے شہریوں کو خوفزدہ کیا جارہا ہے۔

 
Load Next Story