نوازشریف کی صحت پر ان کی اپنی جماعت سیاست کررہی ہے فردوس عاشق

عمران خان کاروبار کرنے نہیں بلکہ نظام میں گھسی کالی بھیڑوں کا صفایا کرنے آئے ہیں، معاون خصوصی اطلاعات


ویب ڈیسک March 04, 2020
حکومت اپاہج کئے گئے ادارے ٹھیک کرنےجارہی ہے، فردوس عاشق۔ فوٹو:فائل

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نوازشریف کی صحت پر ان کی اپنی جماعت ہی سیاست کررہی ہے.

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت پر خود ان کی جماعت سیاست کررہی ہے، نوازشریف تو اسپتال میں داخل نہیں ہوئے تو کس اسپتال کی رپورٹیں ہمیں بھجوائی جارہی ہیں، یہ کیسے دل کے مریض ہیں کہ گھر میں اپنے خاندان والوں کے ساتھ بیٹھ کردل پشوری کر رہے ہیں، ہم تو ان کی صحت پر پیش رفت مانگ رہے ہیں، یہ ابہام ہے کہ لندن میں کوئی اسپتال ان کے بیماری کے علاج کیلئے دستیاب نہیں، ان کے اسپتال میں داخل و اخراج کی کوئی دستاویز جمع نہیں کرائی گئی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نابالغ سیاستدان کہتے ہیں کہ پاکستان میں صحافیوں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، وہ اس صحافی کو بھول گئے جس کو قتل کرکے لاش نہر میں پھینک دی گئی، بلاول سندھ میں صحافیوں کو تحفظ دینے پر توجہ دیں اور صوبے میں آزادی رائے کو یقینی بنائیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اداروں کو فعال بنانے کیلئے پرعزم ہیں، اور یہ وزیراعظم کاروبار کرنے نہیں آئے بلکہ نظام میں گھسی کالی بھیڑوں کا صفایا کرنے آئے ہیں، یہ عوام کی ہمدرد حکومت ہے، ماضی کی حکومتیں جن اداروں کو سفید ہاتھی بناکر گئیں ان کو بحال کرنے اور اپاہج کئے گئے ادارے ٹھیک کرنےجارہے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔