سندھ میں میٹرک کے امتحانات شیڈول کے مطابق 16 مارچ سے لینے کا اعلان

تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند ہونے کے باعث طلبا اور والدین ایڈمٹ کارڈز کے حصول کیلئے پریشانی کا شکار


Safdar Rizvi March 04, 2020
میٹرک بورڈ کراچی نے ہدایت نامہ ملنے کے بعد اسکولوں کوایڈمٹ کارڈ کے اجراءکاشیڈول بھی جاری کردیا . فوٹو : فائل

NAIROBI: کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات شیڈول کے مطابق 16 مارچ سے لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

سندھ میں کرونا وائرس کے سبب تعلیمی اداروں کی بندش اورمیٹرک کے امتحانات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے صوبائی حکومت کے دومحکموں کے مابین تعاون ورابطے کاشدید فقدان سامنے آیا ہے۔

محکمہ یونیورسٹیزاینڈ بورڈزنے صوبے میں اسکولوں کی تعطیلات کے باوجودمیٹرک کے امتحانات شیڈول کے مطابق لینے کے سلسلے میں طلبہ کوایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ میٹرک کے امتحانات شیڈول کے مطابق لیے جانے کے حوالے سے ویب سائیٹ کے ذریعے باقاعدہ اطلاع دی جائے۔

محکمہ یونیورسٹیزاینڈبورڈزنے بدھ کی دوپہرایک سرکلر کے ذریعے سندھ کے تمام تعلیمی بورڈزکوہدایت جاری کی ہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات کے شیڈول کے مطابق آغاز کے سلسلے میں باقاعدہ طورپر اعلامیہ جاری کریں اور طلبہ کے انرولمنٹ وایڈمٹ کارڈزجاری کردیے جائیں جس کے بعد ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے ایڈمٹ کارڈ کے اجراءکاشیڈول جاری کردیاہے جس کے مطابق اسکولوں کے نمائندے 5سے 9مارچ تک طلبہ کے ایڈمٹ کارڈ بورڈ آفس سے حاصل کرسکیں گے تاہم واضح رہے کہ حکومت سندھ نے 13مارچ تک سندھ میں تمام تعلیمی ادارے بند کردیے ہیں۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن اس اس فیصلے پر عملدرآمد کویقنی بنانے کے لیے انتہائی سخت اقدامات کررہاہے اورڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزسندھ کی ٹیمیں روزانہ کی بنیادپر کھلے ہوئے نجی اسکولوں پرچھاپے ماررہی ہیں اوردرجنوں ایسے اسکولوں کی رجسٹریشن بھی معطل کی گئی ہے جوسندھ حکومت کی جانب سے اسکولوں کی بندش کے احکامات کے باوجود کھلے ہوئے پائے گئے تھے ایسے میں کراچی سمیت پورے سندھ میں ہی نجی اسکول مکمل طوپربند کردیے گئے ہیں جب کہ سرکاری اسکول پہلے ہی بند ہیں جس کے سبب سندھ میں نویں اوردسویں جماعتوں کے طلبہ کوایڈمٹ کارڈکی فراہمی بظاہرناممکن نظرآتی ہے، طلبہ اوروالدین میں بے چینی کی کیفیت ہے اورطلبہ اپنے ایڈمٹ کارڈکے حصول کے لیے پریشان نظرآرہے ہیں۔

ادھرنجی اسکولوں کے حکام کا کہنا ہے کہ اگرہم بورڈکے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ایڈمٹ کارڈحاصل کربھی لیں تواسکولوں کی 13مارچ تک کی بندش کے سبب یہ ایڈمٹ کارڈمذکورہ تاریخ سے قبل طلبہ کوفراہم نہیں کرسکتے ہیں 16تاریخ سے امتحانات شروع ہونے ہیں، اگرطلبہ کو14اور15تاریخ کوایڈمٹ کارڈ کے حصول کے لیے بلایاجائے توسیکڑوں یاہزاروں ایسے طلبہ ہوتے ہیں جن کے ایڈمٹ کارڈ کسی نہ کسی objectionکے سبب بورڈ روک لیتاہے ایسے میں طلبہ کواپنی objectionکلیئرکرنی ہوتی ہے جس کے بعد ہی بورڈ آفس ایڈمٹ کارڈ جاری کرتاہے جودوروزمیں ناممکن ہوگاجب کہ طلبہ کوان کے امتحانی مراکز کے حوالے سے اطلاع فراہم کرنادوسرابڑامرحلہ ہے جب طلبہ کوایڈمٹ کارڈ ملیں گے جب ہی وہ اپنے امتحان مراکز کے بارے میں جان سکیں گے جبکہ امتحان سے دوروزقبل طلبہ اس کی تیارمیں بھی مصروف ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ میں 16مارچ سے شروع ہونے والے میٹرک کے امتحانات میں محتاط اندازے کے مطابق 10لاکھ سے زائد شریک ہونگے جس میں 3لاکھ سے زائد طلبہ میٹرک بورڈ کراچی کے تحت منعقدہونے والے امتحانات میں شریک ہونگے ان طلبہ کے لیے اسکولوں کی تعطیلات میں ایڈمٹ کارڈ کاحصول غیریقینی ہے۔

"ایکسپریس" نے اس معاملے پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن خالد حیدرشاہ سے محکمہ کاموقف جاننے کے لیے فون کیاتاہم وہ رابطے سے گریز کرتے ہیں ایس ایم ایس کے ذریعے بھی ان سے معاملے پر دریافت کیاگیاتاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

"ایکسپریس" نے ڈائریکٹراسکول ایجوکیشن سیکنڈری حامد کریم سے بھی اس سلسلے میں رابطہ کیاجس پر ان کاکہناتھاکہ اس طرح کی ہدایت اب تک مجھے نہیں ملی تاہم طلبہ کوایڈمٹ کارڈ جاری کرناکوئی مشکل کام نہیں یہ دوگھنٹے میں کلاس میں بٹھاکربھی جاری کیے جاسکتے ہیں جس پر ان سے استفسار کیاگیاکہ بند اسکولوں میں طلبہ کوکیسے بلائیں گے جس پر ڈائریکٹراسکولز کراچی کا کہنا تھا کہ اگرمیٹرک بورڈ نے ایڈمٹ کارڈ کاشیڈول جاری کیاہے تومحکمہ یقیناً اس سلسلے میں کوئی پالیسی بھی مرتب کرے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔