دو ٹکے کی عورت کا ڈائیلاگ لکھنے والا خلیل الرحمان آج ایک ٹکے کا بھی نہیں رہا ریشم

خلیل الرحمان قمر نے ان تمام عورتوں اور شائقین کو اپنے خلاف کرلیا جو اتنی چاہت اور محبت سے ان کے ڈرامے دیکھتے تھے، ریشم


ویب ڈیسک March 05, 2020
پیمرا خلیل الرحمان قمرپر کب پابندی لگائے گا، ریشم فوٹوفائل

معروف اداکارہ ریشم نے خلیل الرحمان قمراورماروی سرمد تنازع پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ٹکے کا ڈائیلاگ لکھنے والا خلیل الرحمان قمرآج ایک ٹکے کا بھی نہیں رہا۔

اداکارہ ریشم نے گزشتہ روز ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''ٹو دی پوائنٹ'' میں خلیل الرحمان قمر اورماروی سرمد کے درمیان نجی ٹاک شو میں ہونے والی بحث اور ماروی سرمد کے لیے خلیل الرحمان قمر کی جانب سے استعمال کی گئی نازیبا زبان پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔

یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان قمرنے ماروی سرمد کو گالی دیدی

ریشم نے کہا خلیل الرحمان قمر ہمارے ملک کا بہت بڑا نام ہیں، جتنی عزت اللہ تعالی نے ان کو اس وقت دی ہے وہ کم ہی کسی رائٹر کے حصے میں آتی ہے۔ اداکارہ ریشم نے خلیل الرحمان کے حال ہی میں سپر ہٹ ہونے والے ڈرامے ''میرے پاس تم ہو'' کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ڈرامے کا ایک ڈائیلاگ بہت مشہور ہوا ''دو ٹکے کی عورت کے لیے آپ مجھے 50 ملین دے رہے تھے'' تو میں کہتی ہوں یہ دو ٹکے کی عورت کا ڈائیلاگ لکھنے والا خلیل الرحمان قمر خود آج ایک ٹکے کا بھی نہیں رہا۔

یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان'' تم نے مَردوں کے سر شرم سے جھکادیے''

ریشم نے کہا خلیل مسلسل عورت کی تذلیل، گالی، عورت جیسی مقدس ہستی کو پامال کرکے یہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے کیا کیا ہے؟ کل میں نے جو کلپ دیکھا اس میں انہوں نے اس عورت کو کیا نہیں کہا؟ کیا یہ گفتگو، کیا یہ زبان خدانخواستہ اپنی بیوی، بیٹی یا اپنی ماں کے لیے استعمال کرتے؟ آج اگر یہ اپنے ڈرامے میں ایک عورت کو دو ٹکے کا دکھا رہے ہیں کل یہی رائٹر کسی کی ماں کو دو ٹکے کا دکھا سکتا ہے، کسی کی بیٹی کو دو ٹکے کا دکھا سکتا ہے، کسی کو بھی دو ٹکے کا کرسکتا ہے۔

[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/B9UYsdRAyGM/"]

اداکارہ ریشم نے کہا ہم وہ عورتیں ہیں جو آج ان کے خلاف بولی ہیں ہم کبھی نہ بولتیں، ہم مداح ہیں ان کی اور وہ عورتیں جو اپنے شوہر اور بچوں کو مجبور کرتی ہیں کہ آئیں خلیل الرحمان قمر کا ڈراما دیکھیں، انہوں ان تمام عورتوں اور ان تمام شائقین کو اپنے خلاف کرلیا جو اتنی چاہت اور محبت سے ان کے ڈرامے دیکھتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان کی نازیبا زبان سن کر صدمے میں ہوں، ماہرہ خان

ریشم نے خلیل الرحمان قمر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا آپ کا کام لکھنا ہے اللہ نے آپ کو وہ عزت عطا کی ہے جو پاکستان میں اس وقت کسی رائٹر کی نہیں ہے، خلیل صاحب آپ تو اس وقت وہ رائٹر ہیں کہ لوگ ترستے ہیں آپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے۔

اداکارہ ریشم نے کہا مجھے شکوہ ہے ان عورتوں سے جو آپ کے ڈراموں میں کام کررہی ہیں، مجھے شکوہ ہے ان چینلز سے جو آپ کے ساتھ معاہدہ کررہے ہیں۔ ہم سب آپ کے لیے یہ زبان استعمال نہ کرتے۔ جو آپ نے کل کیا ہے آپ کو اس پر شرمندہ ہونا چاہیئے۔ اور میں پیمرا سے یہ کہوں گی کہ حکومت کے خلاف چھوٹی بات کرتے ہیں تو نوٹس جاری کردیا جاتا ہے اینکرز اور چینلز کو تو خلیل الرحمان قمر جیسے شخص کے بولنے پرکب نوٹس جاری کیا جائے گا، کب پابندی لگائی جائے گی، کب بائیکاٹ کیا جائے گا ان کا۔

یہ بھی پڑھیں: وینا ملک بھی خلیل الرحمان قمر کے تنازع میں کود پڑیں

واضح رہے کہ نجی ٹی وی کے ایک ٹاک شو میں خلیل الرحمان قمر اور سماجی کارکن ماروی سر مد کے درمیان عورت مارچ اور ''میرا جسم میری مرضی'' نعرے کو لے کر بحث ہوگئی تھی۔ یہ بحث اتنی آگے بڑھ گئی کہ خلیل الرحمان نے لائیو شو میں ماروی سرمد کو گالی دے دی تھی اور ان کے لیے مزید نازیبا جملے استعمال کیے تھے۔

[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/B9Tw-viHf7z/"]

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں