کراچی میں رہائشی عمارت منہدم جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی

رضویہ تھانے میں سرکار کی مدعیت میں عمارت گرنے سے ہلاکتوں کا مقدمہ درج

تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا، وزیراعلیٰ سندھ کا واقعے کا نوٹس فوٹو: نیوز ایجنسی

رضویہ سوسائٹی میں رہائشی عمارت گرنے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی جب کہ 24 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رضویہ سوسائٹی میں 5 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں تاہم تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب رضویہ تھانے میں سرکار کی مدعیت میں عمارت گرنے سے ہلاکتوں کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں غفلت، لاپروائی اور لوگوں کے جان و مال کو نقصان پہچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔



حادثے میں 7 خواتین اور 3 بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق جب کہ 25 زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت یحیی ولد خرم، حیدر ولد خرم ، خواتین میں مریم، حرا ولد عبدالرشید، ایک 40 سالہ خاتون، غلام مصطفی ولد عطا محمد اور شمیم اختر نامی خاتون سے ہوئی ہے۔

 




گرنے والی عمارت سے متصل ایک عمارت ٹیڑھی ہوگئی جس کے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے،تیسری عمارت کا بھی بیشتر حصہ گرگیا جب کہ چوتھی عمارت کو مخدوش قرار دیدیا گیا۔



اہل محلہ کے مطابق عمارت جمال فاطمہ نامی خاتون کی ملکیت ہے جنہوں نے 74 گز کے رقبے پر خستہ حال پرانے ستونوں پر یہ 5 منزلہ عمارت تعمیر کرائی تھی جس کی چھٹی منزل پر کچھ ماہ پیشتر ہی پینٹ ہاؤس بھی بنایا گیا۔



وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو امدادی کارروائی کی ہدایت کردی جب کہ پولیس کی نفری بھی موقع پر موجود ہے۔


فیڈرل بی ایریا میں بھی عمارت کا چھجا گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 11 زخمی


دوسری جانب یوسف پلازہ تھانے کےعلاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں واقع رہائشی عمارت عبداللہ سینٹر کا چھجا گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے، حادثے میں جاں بحق ہونے والا شخص فیکٹری ملازم اور فیڈرل بی ایریا کا رہائشی تھا۔
Load Next Story