نافرمان وکیل بیٹے نے عدالت میں والدین کے پاؤں پکڑ کر معافی مانگ لی

والدین کی آہ و زاریوں سے کمرہ عدالت میں ماحول جذباتی ہوگیا۔


Numainda Express March 05, 2020
والدین کی آہ و زاریوں سے کمرہ عدالت میں ماحول جذباتی ہوگیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کے درمیان صلح کراتے ہوئے سگے بیٹے کی جانب سے ہراساں کرنے کیخلاف بوڑھے ماں باپ کی درخواست نمٹادی۔

جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس یوسف علی سید پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو سگے بیٹے کی جانب سے ہراساں کرنے کیخلاف بوڑھے ماں باپ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ والدین کی آہ و زاریوں سے کمرہ عدالت میں ماحول جذباتی ہوگیا۔

والدین نے کہا کہ پولیس والے بے جا تنگ رہے ہیں گھروں پر آرہے ہیں۔ عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ سرسید تھانے والے کیوں مداخلت کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل ایس ایچ او سرسید نے بتایا کہ صرف ایک درخواست آئی ہوئی تھی۔

عدالت نے ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ سرسید پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کیا تمہارے خلاف انکوائری کروائی جائے، لوگ مر جاتے ہیں مگر نہیں جاتے، صرف درخواست پر پہنچ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: نواسی کا رشتہ پوتے سے نہ کرنے پر بیٹے کا بوڑھے والدین پرمقدمہ

عدالت نے استفسار کیا کہ سلمان خان ایڈووکیٹ کون ہے؟ سلمان خان ایڈووکیٹ کے ہمراہ صدر ہائیکورٹ بار اور کراچی بار کے نمائندگان بھی پیش ہوئے۔ عدالت نے سلمان خان ایڈووکیٹ سے کہا کہ آپ تو خود بھی ماشا اللہ باریش ہیں؟ مذہبی تعلیمات کا بھی علم ہوگا۔

والد نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ میں نے ہاتھ جوڑے صلح کروا دو، مگر کوئی سننے والا نہیں، یہ امیر بن گیا، گاڑیوں والا ہے ہماری کوئی نہیں سننے والا نہیں۔ بار ایسوسی ایشن کے پاس گئے مگر کوئی نہیں سنتا۔

عدالت نے وکیل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کر کیا رہے ہو تم؟ والدین کے ساتھ کون ایسے سلوک کرتا ہے؟ والدین کی خدمت کرو کل کو آخرت میں بھی جواب دہ ہوگے۔ کسی کے ماں باپ زندگی بھر نہیں رہتے، یہ نہیں ہونگے تو آپکو پتہ چلے گا۔ قران پاک میں اتنا ذکر ہے والدین کے حقوق کا جب پڑھتے ہیں تو رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔

وکیل سلمان ایڈوکیٹ نے عدالت میں والد کے پاوں پکڑ کر معافی مانگ لی۔ سلمان ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ میرے بہن بھائی والدین کو بھڑکا رہے ہیں۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے بہنیں تو بھائیوں سے بہت پیار کرتی ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا۔عدالت نے تمام بہن بھائیوں اور والدین میں صلح کروا دی۔ والدین اور سلمان خان ایڈووکیٹ کے گلے شکوے ختم کردیئے۔

سلمان ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ وعدہ کرتا ہوں، والدین کا احترام کروں گا۔ والدین نے سلمان خان ایڈووکیٹ کو گلے لگا لیا۔ عدالت نے حکم دیا دونوں فریقین وعدہ کریں آئندہ اختلافات کو شدت نہیں دیں گے۔ عدالت نے دونوں فریقین کو ایک دوسرے کیخلاف مقدمہ بازی سے بھی روک دیا۔ عدالت نے درخواست نمٹا دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں