آئی این سی بی کا اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب سے رابطہ

انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول بورڈ نے تین ماہ قبل دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا

انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول بورڈ نے تین ماہ قبل دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا

انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول بورڈ(آئی این سی بی) نے پاکستان کی طرف سے 3 رکنی پینل کے دورے میں چند مہینے کی تاخیر کی درخواست مستردکرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سے رابطہ کرکے انھیں 10 سے 15 ستمبر کے دوران دورے میں اقوام متحدہ کے پینل کو ایفی ڈرین کیس پر بریفنگ کا انتظام کرنے کا کہا ہے۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اعلیٰ حکومتی حکام نے ایکسپریس انویسٹی گیشن سیل کوبتایا کہ انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول بورڈ نے ایفی ڈرین کیس کے حوالے سے اقوام متحدہ کے پینل کے دورے کے حوالے سے اسلام آباد کی طرف سے متضاد اور پریشان کن اشارے ملنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بورڈ نے مستقل مندوب سے کہا ہے کہ پاکستان نہ ماننے کی پالیسی ترک کرکے اقوام متحدہ کے پینل کے ایفی ڈرین ڈرگ کیس کے حوالے سے متعلقہ حکام سے سودمند اجلاس کرائے۔


انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول بورڈ نے تین ماہ قبل اپنے 3 رکنی پینل کے دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا تاکہ ایفی ڈرین کیس پر پیشرفت کا جائزہ لیا جاسکے مگر پیپلزپارٹی کی حکومت بریفنگز کیلیے متعلقہ حکام کی عدم دستیابی کو بنیاد بناتے ہوئے پینل کو آنے کی اجازت دینے سے ہچکچا رہی ہے اور چاہتی ہے کہ پینل کا دورہ مزید چند مہینے کیلیے ملتوی ہوجائے۔ پینل اس نقطہ نظرسے متفق نہیں اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سے رابطہ کیا گیاہے کہ وہ اپنے دفترکو استعمال میں لاتے ہوئے اسلام آباد کو دورے کے معاملات پر مثبت جواب کیلیے آمادہ کرے۔ مستقل مندوب سے تحری طور پر کہا گیاہے کہ وہ بورڈکے تحفظات کو اسلام آباد میں متعلقہ اتھارٹیز تک پہنچائے اور متعلہ شعبوں پر دبائوڈالے کہ وہ مزاحمت کے بجائے پینل سے تعاون کرے اورمعاملے کے حوالے سے معلومات دے۔

اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے معاملے کی نزاکت کوسمجھتے ہوئے متعلقہ وزارتوں سے کہاہے کو وہ انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کے پینل سے تعاون کرے تاکہ عالمی سطح پر شرمندگی سے بچاجا سکے۔ ویاناکنونشن کے تحت پاکستان اقوام متحدہ کے تمام احکامات پر عملدرآمد کا پابند ہے۔ پاکستان پر انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول بورڈکی طرف سے دبائوہے کہ ایفی ڈرین کیس کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ اس نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں ایفی ڈرین کی پاکستان سے ایران، افغانستان، آسٹریلیا منتقلی کے کیسز کے حوالے بھی دیے ہیں۔

اے این ایف ایفی ڈرین کیس کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس حوالے سے سابق وزیرصحت مخدوم شہاب الدین، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں اتھارٹیز کا خیال ہے کہ پینل کے دورے سے پیپلزپارٹی کی اندرون و بیرون ملک پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگا اس لیے حکومت نے انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول بورڈ سے درخواست کی تھی کہ پینل اپنا دورہ چند مہینوں کیلیے ملتوی کردے۔ بورڈ نے پاکستان کی تاخیر کی درخواست کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے پاکستان کے دورے کے حوالے سے ایجنڈہ جاری کردیا ہے، پینل کو وزارت انسداد منشیات اور وزارت داخلہ کے حکام بریفنگ دیں گے۔
Load Next Story