جیلوں میں 41 جعلی قیدیوں کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی منظور وسان

جعلی ناموں سے موجود قیدیوں کے جرائم کا ریکارڈ موجود نہیں، نادرا سے بھی مزید تفصیلات لی جائیں گی،صوبائی وزیر منظور وسان


Raheel Salman November 28, 2013
کچھ قیدی صرف اپنی عرفیت ہی کو نام بتاتے ہیں جس کی وجہ سے قانونی کارروائی کے دوران کاغذات میں ان کا وہی نام چلتا ہے،سینئر افسران محکمہ جیل خانہ جات ۔ فوٹو : این این آئی

سندھ کے وزیر جیل خانہ جات ، اینٹی کرپشن اور مائنز و منرل منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ کراچی کی جیلوں میں 41 جعلی قیدیوں کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔

اس سلسلے میں اسپیشل سیکریٹری کو تحقیقاتی افسر مقرر کیا گیا ہے، ادھر محکمہ جیل خانہ جات کے سینئر افسران نے اس معاملے پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ نادرا حکام کو پہلے جیل حکام کو اس بارے میں آگاہ کرنا چاہیے تھا تاکہ دونوں ڈپارٹمنٹ اس معاملے کی تہہ تک پہنچ جاتے ، افسران نے اس تاثر کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا کہ جعلی قیدی جیل میں موجود ہوسکتے ہیں لیکن انھوں نے بتایا کہ کچھ قیدی صرف اپنی عرفیت ہی کو نام بتاتے ہیں جس کی وجہ سے قانونی کارروائی کے دوران کاغذات میں ان کا وہی نام چلتا رہتا ہے،تفصیلات کے مطابق منظور وسان نے کہا ہے کہ کراچی کی جیلوں میں 41 جعلی قیدیوں کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے، اس سلسلے میں اسپیشل سیکریٹری کو تحقیقاتی افسر مقرر کیا گیا ہے، جعلی ناموں سے موجود قیدیوں کے جرائم کاریکارڈ موجود نہیں، نادرا سے بھی مزید تفصیلات لی جائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ تحقیقات کی جائے گی ان قیدیوں کے ناموں کا ایف آئی آر میںیا جیل میں آنے کے دوران نام غلط درج کیا گیا ہے اور غلطی کہاں ہوئی ہے ، انھوں نے جیل حکام کو متنبہ کیا کہ اگر جیل حکام ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،نادرا کے بایو میٹرک سسٹم کے ذریعے قیدیوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے اور اس دوان جن 41 قیدیوں کے کوائف کی تصدیق نہیں ہورہی اس سلسلے میں بھرپور تحقیقات کی جائے گی، منظور وسان نے مزید کہا کہ مشرف اور بارب رحیم کے دور میں 65 سے زائد قیدی پے رول پر رہا کیے گئے ، افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ قیدی انڈر ٹرائل تھے جو قانون کے مطابق پیرول پر رہا بھی نہیں ہوسکتے۔



ان کا کہنا تھا کہ پہلے جیلوں میں بیٹھ کر نیٹ ورک آپریٹ کیا جاتا تھا لیکن اب ایسا نہیں، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اگر پرویزمشرف کو سندھ بھیجا جائے تو میں نے حال ہی میں سینٹرل جیل خیرپور میں ڈبل اسٹوری بیرکس کا افتتاح کیا ہے جس میں پرویز مشرف کی مہمان نوازی کی جائے گی، منظور وسان نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے اور ہماری کوشش ہے کہ جنوری میں ہی انتخابات ہوں، علاوہ ازیں اس سلسلے میں محکمہ جیل خانہ جات کے سینئر افسران نے اس معاملے پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ نادرا حکام کو پہلے جیل حکام کو اس بارے میں آگاہ کرنا چاہیے تھا تاکہ دونوں ڈپارٹمنٹ اس معاملے کی تہہ تک پہنچ جاتے ۔

افسران نے اس تاثر کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا کہ جعلی قیدی جیل میں موجود ہوسکتے ہیں لیکن انھوں نے بتایا کہ کچھ قیدی صرف اپنی عرفیت ہی کو نام بتاتے ہیں جس کی وجہ سے قانونی کارروائی کے دوران کاغذات میں ان کا وہی نام چلتا رہتا ہے، تو ہوسکتا ہے کہ ایسے ہی افراد جعلی قیدی کے زمرے میں آگئے ہوں ، افسران نے مزید بتایا کہ ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ بعض اوقات ایک ہی شخص کے دو نام بھی ہوتے ہیں جن میں سے ایک ہی نام چلتا رہتا ہے لیکن شناختی کارڈ پر اس کا دوسرا نام درج ہوتا ہے، نادرا حکام نے جب جیل کے قیدیوں کی تصدیق کی ہوگی تو ممکن ہے کہ اسی طرح کے کیسز سامنے آئے ہوں، جیل افسران کا کہنا ہے کہ جیل حکام متعلقہ پولیس کے مطابق دیے گئے نام کے تحت ہی جیل ریکارڈ میں نام اور دیگر کوائف کا اندراج کرتے ہیں، حکام نے کہا کہ بہر حال وزیر جیل خانہ جات نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے تو چند ہی دنوں میں صورتحال واضح ہوجائے گی لیکن اتنی بڑی تعداد میں جعلی قیدیوں کا جیل میں موجود ہونا ممکن نظر نہیں آرہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں