لوکل فلموں کی کامیابی کے باوجود نئی فلمیں شروع نہ ہوسکیں

سید نور کی’’فرسٹ لو‘‘ اورپرویز کلیم کی ’’گناہ ٹو‘‘ ایک سال بعد بھی سیٹ کی زینت نہیں بنیں


Cultural Reporter November 28, 2013
شاہد رانا کی’’دنیا‘‘ اور انجم پرویز کی ’’دل جلے‘‘ کوپانچ سال بعدبھی سینما نہیں مل سکے۔ فوٹو: فائل

لوکل فلموں کی کامیابی کے باوجود فلم انڈسٹری میں نئی فلمیں شروع نہ ہوسکیں۔

تفصیلات کے مطابق سال رواں میں ہمایوں سعید، بلال لاشاری، اسماعیل جیلانی،فرجاد نبی کی فلموں نے باکس آفس پر کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے سنجیدہ حلقوں میں کہا جارہا تھا کہ معروف فلمساز اور ہدایتکار نئے پراجیکٹس پر کام شروع کردینگے۔ مگر مذکورہ فلموں کے اچھے رسپانس کے باوجود پاکستان فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال نہیں ہوسکیں اور ہدایتکار سیدنور، پرویز رانا ، فیصل بخاری ، الطاف حسین ، سنگیتا ، پرویز کلیم ، اقبال کشمیری ، دائود بٹ کوئی نیا پراجیکٹ نہیں کر رہے ہیں ۔ عیدالفطر کے لیے ابھی تک ایک فلم ''قسم ، قلم اور قدم'' کا اعلان ہوا ہے۔ سال رواں میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں میں صرف ''ڈرٹی گرل'' اور ''شرابی'' کی عکسبندی ہوئی جب کہ ''عشق خدا'' سمیت دوسری فلمیں دو سے تین سال پرانے پراجیکٹ تھے ۔



سال رواں میں سب سے زیادہ 20فلمیں پشتو کی تھیں۔جن میں شیخ اکرم ، ارشد خان کی تین تین ، قیصر ثناء اللہ خان ، ارباز خان ، عنایت خان کی دو ، دو اور مظفر خان کی ایک فلم شامل ہے۔سیدنور نے ''فرسٹ لو'' ، پرویز کلیم ''گناہ ٹو'' کا اعلان کیے ہوئے ایک سال سے زائد ہوچکے ہیں مگر یہ فلمیں ابھی تک سیٹ کی زینت نہیں بنیں ۔ ہدایتکارہ سنگیتا نے ''چنری'' کے نام سے تین سال قبل فلم کا اعلان کیا تھا مگر بعدازاں یہ پراجیکٹ شروع ہونے سے قبل ہی بند ہوگیا اور انھوں نے کراچی کا رخ کرلیا جہاں وہ متعدد ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں۔ حسن عسکری ''داستان'' اوراقبال کشمیری ''ڈیرے دار'' ابھی تک زیر تکمیل ہیں۔ہدایتکار شاہد رانا کی ''دنیا'' اور انجم پرویز کی ''دل جلے'' پانچ سال پرانی فلمیں ہیں جنھیں ابھی تک سینما نہیں مل سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں