بیوی نے کہا بے شرم عورت سے ہارے توگھرمیں داخل نہیں ہونے دوں گی خلیل الرحمان

خودکشی کرلوں گا لیکن معافی نہیں مانگوں گا، خلیل الرحمان قمر


ویب ڈیسک March 06, 2020
آج میں اس کے خلاف میدان میں کودا ہوں کل چار لوگ اور آئیں گے ، خلیل الرحمان قمر فوٹوفائل

خلیل الرحمان قمر نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ میں اپنے الفاظوں پر معافی نہیں مانگوں گا اورمیری بیوی نے کہا ہے کہ اگر اس بے شرم عورت سے ہار کر آئے تو گھر میں داخل نہیں ہونے دوں گی۔

معروف مصنف خلیل الرحمان قمر تین روز قبل نجی ٹی وی چینل پر ایک ٹاک شو کے دوران سماجی کارکن ماروی سرمد کے ساتھ شروع ہونے والے تنازع پر تنقید کی زد میں ہیں۔ جب کہ بہت سے لوگوں نے ان سے معافی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران خلیل الرحمان قمر نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا میں پچھلے دو دن سے ان ہی کپڑوں میں مختلف جگہوں پر انٹرویو دے رہا ہوں۔ میری بیوی نے مجھ سے کہا اگرآپ ایسی بے شرم عورت سے ہار کر آئے تو میں آپ کو گھر میں داخل نہیں ہونے دوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: عفت عمرکا خلیل الرحمان کی فلم چھوڑنے کا اعلان

ماروی سرمد کے بارے میں خلیل الرحمان نے کہا یہ کیا سمجھتی ہیں اپنے آپ کو، کون ہے کہاں سے آئی ہے دین کو اورپاکستان کو گالی دیتی ہے، اورمجھ سے امید کی جارہی ہے کہ میں اس سے معافی مانگوں۔ اس خاتون سے معافی مانگنے کے بجائے میں خود کو مارنا اورخودکشی کرنا پسند کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان قمرنے ماروی سرمد کو گالی دیدی

میزبان نے خلیل الرحمان قمرسے پوچھا کیا یہ صحیح ہے کہ آپ نے ''میرے پاس تم ہو'' کی کامیابی کے بعد اپنا معاوضہ 5 گنا کردیا ہے جس پر انہوں نے کہا میں پہلے ہی پاکستان کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا مصنف ہوں اورمیں پروڈیوسرز کا بڑا خیال کرتا ہوں میں انہیں اتنی تکلیف میں نہیں ڈالتا میں جانتاہوں وہ کتنا کماتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دو ٹکے کا ڈائیلاگ لکھنے والا خلیل الرحمان آج ایک ٹکے کا بھی نہیں رہا

عورت مارچ کے حوالے سے خلیل الرحمان نے کہا آج میں اس کے خلاف میدان میں کودا ہوں، کل چارلوگ اورآئیں گے اور خواتین بھی اس کے خلاف سامنے آئیں گی کیونکہ اس سے دراصل متاثر تو وہ عورتیں ہورہی ہیں، زیادتی ان کے ساتھ کی جارہی ہے کہ آپ ان کی حیاداری میں نقب لگانے کی کوشش کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ خلیل اور ماروی سرمد تنازع کے بعد نجی چینل نےٹاک شو میں خاتون سے نازیبا زبان استعمال کرنے پر معافی مانگنے تک خلیل الرحمان قمر کے ساتھ اپنا معاہدہ معطل کردیا ہے۔ خلیل الرحمان قمر نے اس چینل کے لیے 4 ڈرامے اور ایک فلم کا اسکرپٹ لکھنے کا معاہدہ کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں