یورپی یونین کا پاکستانی مصنوعات کیلئے مراعات برقرار رکھنے کا فیصلہ

جی ایس پی پلس سے معاشی و اقتصادی صورتحال بہتر ہوگی، مشیر تجارت

جی ایس پی پلس سے معاشی و اقتصادی صورتحال بہتر ہوگی، مشیر تجارت ۔ فوٹو : فائل

یورپی یونین نے پاکستانی مصنوعات کو اپنی منڈیوں تک رسائی کیلئے مراعات برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے ایک بیان میں کہا کہ جی ایس پی پلس کے تحت پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک رسائی پر دی جانے والی مراعات جاری رہیں گی اور جی ایس پی پلس کا درجہ برقرار رکھنے پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔


مشیر تجارت نے کہا کہ جی ایس پی پلس سے معاشی و اقتصادی صورتحال بہتر ہوگی، برآمد کندگان جی ایس پی پلس سے فائدہ اٹھائیں اور جی ایس پی پلس سے مستفید ہونے کے لیے برآمد کندگان برآمدات کا دائرہ وسیع کریں۔

عبدالرزاق داؤد نے مزید کہا کہ جی ایس پی پلس کے لیے یورپی یونین کے ساتھ معاہدے کی شرائط پر عمل کیا ہے اور اس کے لیے اقدامات کو یقینی بنانے پر متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے شکر گزار ہیں جب کہ رواں سال اپریل میں یورپی کمیشن پاکستان آئے گا۔

یورپی یونین نے جنوری 2014 میں پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دیا تھا۔ گزشتہ برسوں میں پاکستان کی جانب سے جی ایس پی پلس کے 27 پروٹوکولز کے مطابق قانون سازی کو دیکھتے ہوئے ان مراعات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
Load Next Story