تھکے ہارے گلیڈی ایٹرزشیڈول اورامپائرنگ سے نالاں

نسیم شاہ انجرڈ،دیگرپلیئرزپریشان،سفری مشکلات پرایک بارپھرپی سی بی کوخط لکھ دیا


Saleem Khaliq March 07, 2020
نسیم شاہ انجرڈ،دیگرپلیئرزپریشان،سفری مشکلات پرایک بارپھرپی سی بی کوخط لکھ دیا

تھکے ہارے گلیڈی ایٹرزپی ایس ایل 5 کے شیڈول اور امپائرنگ سے نالاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی رواں پی ایس ایل میں حالیہ کارکردگی مایوس کن ہے اور اسے مسلسل تین میچز میں شکست ہو چکی، ٹیم نے گذشتہ ماہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائٹیڈ کو ہرا کر بہترین آغاز کیا، پھر پشاور زلمی سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، کراچی کنگز کو زیر کر کے گلیڈی ایٹرز پھرفتح کے ٹریک پر واپس آ گئے،راولپنڈی میں اسلام آباد یونائٹیڈ کو مات دینے کے بعد ایسا محسوس ہوا کہ کوئی ان کے قریب نہیں پہنچ سکے گا مگر پھر مشکلات کا سلسلہ شروع ہوگیا، ملتان سلطانز نے ہوم گراؤنڈ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو قابو کر لیا،پھر ایونٹ کی سب سے کمزور ٹیم لاہور قلندرز نے بھی اپنے وینیو پر اسے شکست دے دی۔

جمعرات کو راولپنڈی میں پشاور زلمی کیخلاف بھی ہار گلیڈی ایٹرز کا مقدر بنی، ذرائع نے بتایا کہ مسلسل سفر سے کھلاڑی تھکاؤٹ کا شکار ہو گئے ہیں، انھیںآرام کا بالکل موقع نہیں مل رہا اور ایک شہر سے دوسرے شہر جانا پڑتا ہے، اس دوران کئی بار موسم کی وجہ سے فلائٹ تاخیر کا شکار بھی ہوئی جس پر کئی کئی گھنٹے ایئرپورٹ پر انتظار کی کوفت اٹھانا پڑی، گذشتہ روز اسی لیے راولپنڈی سے لاہور کا سفر تقریبا 5گھنٹے میں بائی روڈ طے کیا، اب ٹیم کو ہفتے کے روز قلندرز سے مقابلہ کرنا ہے، جس کیلیے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کرنا مینجمنٹ کیلیے بڑا چیلنج بن چکا،ذرائع نے بتایا کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی سفری مشکلات اور آرام کا موقع نہ ملنے کی وجہ سے ہی انجری کا شکار ہوئے،اسی کے ساتھ امپائرنگ سے بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ خوش نہیں ہے۔

کراچی کنگز سے میچ میں بابر اعظم کیخلاف کاٹ بی ہائنڈ کی اپیل پر فیصلے میں تھرڈ امپائر نے چار منٹ سے زائد وقت صرف کیا،الٹرا ایج نہ ہونے کے سبب بیٹسمین کو شک کا فائدہ دیا گیا، جمعرات کوپشاور زلمی سے میچ میں بین کٹنگ جب آؤٹ ہوئے تو وہاب ریاض کی نو بال چیک کرتے وقت غلط ری پلے چلا دیا گیا جس سے کنفیوژن پھیلا،ذرائع نے بتایا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے ایونٹ سے قبل بھی خط لکھ کر شیڈول کے حوالے سے احتجاج کیا تھا، اب ایک بار پھر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کو خط لکھا گیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ فرنچائز بورڈ حکام کے رویے سے سخت ناخوش اور مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے،اس حوالے سے نمائندہ ''ایکسپریس''کے رابطے پر پی سی بی ترجمان نے کہا کہ ہم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے بات کر کے انھیں ایونٹ کا شیڈول ترتیب دیے جاتے وقت درپیش لاجسٹک اور آپریشنل چیلنجزسے آگاہ کر دیا، ان کو امپائرنگ کے حوالے سے بھی وضاحت دے دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں