پشاور زلمی نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 195 رنز کے جواب میں پشاور زلمی نے 9 اوورز میں 2 وکٹ پر 85 رنز بنائے تھے


ویب ڈیسک March 07, 2020
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی

ISLAMABAD: پی ایس ایل فائیو کے 20ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت شکست دیدی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 20ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پشاور زلمی نے 9 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 85 رنز بنالیے تھے تاہم بارش کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا جس کے بعد ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پشاور زلمی کو جیت کا حق دار قرار دیا گیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے امام الحق اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا، امام صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کامران اکمل 21 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ بارش کے باعث میچ ختم ہونے سے پہلے ٹام بینٹن 16 گیندوں پر 20 اور حیدر علی 8 گیندوں پر 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا، رونکی صرف 6 رنز بنانے کے بعد راحت علی کا شکار بنے۔ رضوان حسین بھی 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کولن منرو نے کپتان شاداب خان کے ساتھ ملکر زبردست شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، منرو 35 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کولن انگرام نے بھی شاداب خان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 50 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی۔



کولن انگرام 25 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے جب کہ شاداب خان نے 42 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 2، کارلوس بریتھ ویٹ، وہاب ریاض اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ میں صرف ایک تبدیلی کی گئی، حسین طلعت کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا جب کہ پشاور زلمی میں اوپننگ بلے باز ٹام بینٹن اور کارلوس بریتھ ویٹ کی واپسی ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں