مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق

کورونا وائرس کے باعث مقبوضہ کشمیر کے اسکولوں میں 31 مارچ تک تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ افراد متاثر ہوئے اور 3 ہزار 500 ہلاکتیں ہوئی ہیں، فوٹو : فائل

چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والا ہلاکت خیز کورونا وائرس مقبوضہ کشمیر بھی پہنچ گیا جہاں پہلے مریض کی تصدیق ہوگئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق ہوگئی ہے، مریض کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

قبل ازیں مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے دو مشتبہ مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا یہ دونوں حال ہی میں ایران اور جنوبی کوریا سے واپس لوٹے تھے جہاں کورونا وائرس کے کثیر مریض ہیں تاہم دونوں کا طبی ٹیسٹ ہونا باقی ہے۔


یہ خبر پڑھیں : کورونا وائرس سے 1 لاکھ افراد متاثر اور 3400 ہلاک، عالمی معیشت کو 300 ارب ڈالر کا نقصان

مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام اسکولوں کو 31 مارچ تک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جب کہ اجتماعات پر پابندی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار 500 ہے جن میں چین سے باہر اب تک 414 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور 20 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
Load Next Story