مردوعورت کو لڑانےوالےہماراخاندانی نظام تباہ کرناچاہتے ہیں سراج الحق

مغربی خاتون تنہا ہے جبکہ مسلمان خاتون طاقتور ہےاور اسے تحفظ حاصل ہے، امیر جماعت اسلامی

مغربی خاتون تنہا ہے جبکہ مسلمان خاتون طاقتور ہےاور اسے تحفظ حاصل ہے، امیر جماعت اسلامی فوٹو:ٹوئٹر

DENPASAR:
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مردوعورت کوحقوق کے نام پرلڑانےوالےہماراخاندانی نظام تباہ کرناچاہتے ہیں۔

کراچی کے باغِ جناح میں تکریم نسواں کے عنوان سے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت خواتین کانفرنس ہوئی جس میں خواتین حقوق کا چارٹر پیش کیا گیا۔ کانفرنس میں کالجز اور جامعات کی طالبات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔



کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اجتماع کے انعقاد پر ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو مبارک باد اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر آسمان سورج چاند تاروں کی وجہ سے خوبصورت ہیں تو یہ دھرتی آپ جیسی غیرت مند مسلمان ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کی وجہ سے خوبصورت ہے، آپ ہماری عزت اور غیرت ہیں اور آپ کی وجہ سے پاکستان اسلامی پاکستان بننے جا رہا ہے، قرآن مجیدمیں حضرت ابراہیمؑ کے ساتھ ان کی اہلیہ حضرت ہاجرہؑ کابھی تذکرہ ہے۔


امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ انسان کوئی بھیڑ بکری نہیں ، اشرف المخلوقات ہے، عورت مرد کا اور مرد عورت کا لباس ہے، عورت کااحترام دین فطرت اسلام میں ہے، جاہلیت میں خواتین کو زندہ درگور کرتے اور جلاتے تھے، اسلام نے زندہ درگور کی جانے والی عورتوں کو ماں بہن اور بیٹی بیوی کا مقام دیا، کسی تہذیب نے عورت کو وہ عزت نہیں دی جو عزت اور مقام اسلام نے دیا، آج مغربی خاتون تنہا ہے،جبکہ مسلمان خاتون طاقتور ہےاور اسے تحفظ حاصل ہے۔



سراج الحق کا کہنا تھا کہ مردوعورت کوحقوق کے نام پرلڑانےوالےہماراخاندانی نظام تباہ کرناچاہتے ہیں، ان کی تہذیب ختم ہورہی ہے اور ناکامی سے دو چار ہے، ہم تمہیں اسلامی معاشرے کو یرغمال بنانے اور ثقافت کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، خواتین کے عالمی دن پر فلسطین ، کشمیر کی خواتین کو بھی یاد کرنا چاہیے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کو ایساملک بناناچاہتےہیں جہاں خواتین کی عزت وقار محفوظ ہو اور اخلاقی کرپشن و جہالت نہ ہو، میں آج بھی اگر اللہ کے بعد کسی سے ڈرتا ہوں تو وہ میری ماں ہے ، خدا اور رسول ﷺکے بعد میں اپنی ماں کے حکم کو آخری حکم سمجھتا ہوں۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ خواتین کو قرآن کے مطابق وراثتی حقوق دیے جائیں، جو سیاست دان خواتین کو وراثت میں حق نہ دے یا حق مہر نہ دے ایسےشخص کوالیکشن لڑنےنہ دیاجائے، خواتین ملازمین کو مستقل کیا جائے، انہیں تعلیم کا حق دیا جائے، شہروں اور دیہات میں صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں، ان کے لیے الگ ٹرانسپورٹ کا نظام بنایا جائے، جنسی زیادتی کرنے والے کو سزائے موت دی جائے، ونی کرنے کی روایات ختم کی جائے اور قرآن سے شادی کروانے والوں کو سزائیں دی جائیں۔
Load Next Story