پاک فوج کی قیادت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے جنرل اشفاق پرویز کیانی

کور کمانڈرز کی جانب سے تعاون کا مشکور ہوں، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی

الوداعی اجلاس میں کور کمانڈرز نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی خدمات کو سراہا۔ فوٹو فائل

آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا ہے کہ پاک فوج جیسے اعلیٰ روایات کے حامل ادارے کی 6 برس تک قیادت کرنا ان کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیرصدارت کورکمانڈرز کا الوادعی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں نئے آرمی چیف راحیل شریف نے بھی شرکت کی ، اجلاس میں نئے آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال، قبائلی علاقوں میں جاری آپریشنز، ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال سمیت پاک فوج کے دیگر پیشہ وارانہ امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔


اس موقع پر کور کمانڈرز نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی خدمات کو سراہا، اجلاس سے الوداعی خطاب کے دوران جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ پاک فوج نا صرف ملک بلکہ دنیا کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے ، یہ ادارہ اعلیٰ روایات کا حامل ہے پاک فوج سے منسلک ہونے اور 6 برس تک اس کی قیادت کرنا ان کے لئے سب سے بڑے فخر کی بات ہے اور وہ اس سلسلے میں کور کمانڈرز کے تعاون کے مشکور ہیں۔

واضح رہے کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی آرمی چیف کی حیثیت سے آج ریٹائر ہورہے ہیں جبکہ کل سے جنرل راحیل شریف ان کی جگہ پاکستان کے نئے سپہ سالار کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
Load Next Story