آزاد کشمیر میں مسافر وین حادثے کا شکار 9افراد جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، صدر آزاد جموں و کشمیر نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا


ویب ڈیسک March 08, 2020
اطلاعات کے مطابق حادثہ گاڑی کے بریک فیل ہوجانے کے باعث پیش آیا۔ فوٹو، فائل۔

RAWALPINDI: راولپنڈی سے باغ آنے والی مسافر وین ارجہ پل کے مقام پرحادثے کا شکار، 9افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ وین میں 24 افراد سوار تھے۔ حادثے کے بعد 13زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریب اسپتال منتقل کیا گیا جن میں 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاسکے اور چل بسے۔ جب کہ تشویش ناک حالت کے4 زخمیوں کو راولپنڈی روانہ کیا گیا۔ اس سے قبل پولیس نے حادثے میں2 خواتین اور وین ڈرائیور سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق ارجہ پُل کے نزدیک موڑ کاٹتے ہوئے وین ڈارئیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور کھائی میں جاگری۔ زخمیوں کا تعلق باغ اور نواحی علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں حادثے میں قیتمی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔



صدر نے کہا کہ زخمیوں کا بہترین علاج معالجہ یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں