ڈالر کی قیمت میں تین روپے کا بڑا اضافہ

روپے کے بجائے ڈالر کم ہونا چاہیے تھا، لگتا ہے سٹے باز سرگرم ہیں اور ڈالر کی قدر بڑھائی جارہی ہے، فاریکس ذرائع


Business Reporter March 09, 2020
روپے کے بجائے ڈالر کم ہونا چاہیے تھا، لگتا ہے سٹے باز سرگرم ہیں اور ڈالر کی قدر بڑھائی جارہی ہے، فاریکس ذرائع (فوٹو: فائل)

پیر کے روز انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر بے قابو ہو گئی اور ڈالر کی قدر میں 3 روپے تک کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 3.36 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 154.24 روپے سے بڑھ کر 157.50 روپے اور قیمت فروخت 154.34 روپے سے بڑھ کر 157.70 روپے ہوگئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ڈالر کی اونچی اڑان؛ غیر ملکی قرضوں میں 345 ارب روپے کا اضافہ

 

مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 2.70 روپے کے نمایاں اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 154 روپے سے بڑھ کر 156.50 روپے اور قیمت فروخت 154.30 روپے سے بڑھ کر 157 روپے ہوگئی۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید 172 روپے سے بڑھ کر 175 روپے اور قیمت فروخت 174 روپے سے بڑھ کر 177.50 روپے ہوگئی۔ برطانوی پاﺅنڈ کی قیمت خرید 199 روپے سے بڑھ کر 200.50 روپے اور قیمت فروخت 201 روپے سے بڑھ کر 203 روپے ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی میں سونا سستا اور پاکستان میں مزید اضافہ ہوگیا

چینی یوآن کی قیمت خرید 20 روپے اور 22.50 روپے پر مستحکم رہی، سعودی ریال کی قیمت خرید 40.60 روپے مستحکم رہی اور قیمت فروخت 40.90 روپے سے بڑھ کر 41 روپے ہوگئی۔ یواے ای درہم کی قیمت خرید 41.60 روپے سے بڑھ کر 41.80 روپے اور قیمت فروخت 41.90 روپے سے بڑھ کر 42.20 روپے ہوگئی۔

دوسری جانب فاریکس ڈیلرز کے ذرائع نے بتایا ہے کہ موجودہ صورتحال میں روپے کے بجائے ڈالر کی قدر میں گراوٹ ہونی چاہیے تھی تاہم یوں لگتا ہے کہ مارکیٹ میں سٹے باز سرگرم ہیں اور جان بوجھ کر ڈالر کی قدر میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر روپے کی قدر میں یونہی گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا تو مرکزی بینک کو مارکیٹ میں مداخلت کرنا پڑ سکتی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔