جامعہ کراچی فیسوں میں50فیصد تک اضافہ کر دیا گیا

غیر پیشہ ورانہ شعبوں کی فیس20 فیصد، پیشہ ورانہ شعبوں کی25 سے50 فیصد تک بڑھادی گئی۔


Safdar Rizvi November 29, 2013
مارننگپروگرام کے کئی شعبوں کی فیسوں میں اضافہ کیا گیا ہے،یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ اضافے کی منظوری دے چکی ہے۔ فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے مارننگ (صبح) پروگرام کی فیسوں میں50 فیصد تک اضافہ کردیاہے فیسوں میں اضافہ مارننگ (صبح ) پروگرام کے مختلف شعبہ جات کی سیمسٹر فیسوں میں کیا گیا ہے۔

غیر پیشہ ورانہ شعبوں کی فیسیں 15سے 20 فیصد جبکہ پیشہ ورانہ اہمیت کے حامل شعبوں کی فیسیں 25 سے 50 فیصد تک بڑھائی گئی ہیں فیسوں میں اضافے کااطلاق جنوری سے شروع ہونے والے آئندہ تعلیمی سال2014 سے ہوگا اس اضافے کے باوجود تاحال جامعہ کراچی کے پیشہ ورانہ شعبوں کی فیسیں جامعہ پنجاب ،این ای ڈی اوربعض دیگرجامعات سے کئی گنا کم ہیں فیسوں میں اضافہ گزشتہ برس کے داخلہ کتابچے اورنئے تعلیمی سال کے کتابچے کے جائزے سے سامنے آیاہے ''ایکسپریس'' کو حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق کیمیکل انجینئرنگ کے شعبے کی فیس 8 ہزارسے بڑھا کر 12ہزار روپے کردی گئی ہے۔

جبکہ پٹرولیم ٹیکنالوجی میں شروع ہونے والے نئے آنرز پروگرام کی سیمسٹر فیس 30 ہزار روپے مقررکی گئی ہے اس ٹیکنالوجی میں اس سے قبل صرف ماسٹرز پروگرام جاری تھا، شعبہ کامرس کی فیس 3800 روپے سے بڑھاکر 6 ہزارروپے کردی گئی ہے۔



پبلک ایڈمنسٹریشن کی فیس میں بھی تقریباً اسی تناسب سے اضافہ کیاگیا ہے کلیہ فارمیسی کی فیس8 ہزار روپے سیمسٹر مقررکی گئی ہے جبکہ اسے سے قبل فارمیسی کی فیس 6ہزار روپے تھی علاوہ ازیں کلیہ علوم (فیکلٹی آف سائنس) کے مختلف شعبہ جات کی فیس 3800 روپے فی سیمسٹرسے بڑھاکر 4500 روپے فی سیمسٹرکی گئی ہے۔

جبکہ کلیہ فنون (فیکلٹی آف آرٹس) کی فیس بھی اسی تناسب سے4500 فی سیمسٹرکی گئی ہے کلیہ معارف اسلامیہ (اسلامک لرننگ) کی فیسوں میں بھی معمولی اضافہ کیاگیاہے واضح رہے کہ جامعہ کراچی کواس کے اعلیٰ اختیاراتی ادارے سینڈیکیٹ کی جانب سے محدود پیمانے پر فیسوں میں سالانہ اضافے کی پہلے ہی منظوری حاصل ہے ،جامعہ کراچی نے اضافے کے بعد شعبہ فارمیسی کی فیس 8 ہزارروپے مقررکی ہے جبکہ جامعہ پنجاب اسی شعبے کی فیس 16ہزارروپے سیمسٹر لے رہی ہے کیمیکل انجینئرنگ کی سیمسٹر فیس اضافے کے بعد 12ہزا رروپے مقررکی گئی ہے جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی اسی شعبے کی فیس کئی گنا زیادہ لے رہی ہے، بزنس ایڈمنسٹریشن کی فیس دیگر سرکاری و نجی جامعات میں جامعہ کراچی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے