حدود کا تنازع غربی کی قائم خانی کالونی کی چند گلیاں کسی تھانے کی حدود میں نہیں

چور اور ڈکیت علاقے کا ایک گھر روز لوٹنے لگے، اتحاد ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، پاکستان بازار، اقبال مارکیٹ اور۔۔۔

مکینوں کی رپورٹ درج کرنے سے 5 تھانوں کی معذرت، قائم خانی کالونی کے مکینوں کا آئی جی سے علاقے کو کسی تھانے کی حدود بنانے کا مطالبہ۔

ویسٹ زون میں واقع قائم خانی کالونی کی چند گلیاں کراچی پولیس کے کسی تھانے کی حدود میں نہیں ہیں جس کے باعث وہاں ڈاکو روزانہ ایک دو گھر لوٹ لیتے ہیں اور جس سے چاہتے ہیں بھتہ وصول کرتے ہیں۔

مکینوں کی رپورٹ درج کرنے سے 5 تھانے معذرت کر لیتے ہیں،علاقہ مکینوں نے آئی جی سندھ سے نوٹس لینے کی درخواست کی ہے، تفصیلات کے مطابق ویسٹ زون میں واقع بلدیہ ٹاؤن قائم خانی کالونی بلاکB یونین کونسل نمبر 5 فیضان عطار مسجد کے قریب حق باہو چوک کے قریب کی چند گلیاں ایسی ہیں جس کو کوئی تھانہ اپنی حدود ماننے کو تیار نہیں یہ بات وہاں کے رہائشی اﷲ رکھا نامی شخص نے بتائی انھوں نے بتایا کہ چند روز قبل اس کے گھر سے ڈاکو نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے جس کی رپورٹ درج کرانے وہ اتحاد ٹاؤن ، بلدیہ ٹاؤن، پاکستان بازار، اقبال مارکیٹ اور مومن آباد تھانے گیا جہاں اسے کہا گیا کہ یہ علاقہ ان کے تھانے کی حدود میں نہیں آتا، اﷲ رکھا نے بتایا کہ وہ ٹیلر ماسٹر ہے۔

منگل کو علی الصباح اس کے گھر میں 3 مسلح ملزمان داخل ہوئے اور اہلخانہ کو یرغمال بناکر ایک کمرے میں بند کردیا اور گھر سے ڈھائی تولہ سونے کے طلائی زیورات، 5 ہزار سے زائد کی نقدی اور ایک رحیم یار خان کی رجسٹریشن والی موٹر سائیکل لیکر فرار ہوگئے، واردات کی رپورٹ اقبال مارکیٹ تھانے میں درج کرائی تاہم کچھ دیر بعد تھانے سے فون آیا کہ وہ علاقہ دیکھنا چاہتے ہیں جب پولیس علاقہ دیکھنے آئی تو انھوں نے کہا کہ ہمارے تھانے کی حدود آپ کی گلی کے کونے پر ختم ہوتی ہے۔




گلی کے اندر کا علاقہ مومن آباد تھانے کی حدود ہے جس پر وہ مومن آباد تھانے گئے وہاں کی پولیس جب علاقہ دیکھنے آئی تو کہا کہ ہمارے تھانے کی حدود یونین کونسل نمبر 4 تک ہے اسی طرح دیگر تھانوں کی پولیس نے بھی حدود کا بول کر رپورٹ درج کرنے سے انکار کردیا، اﷲ رکھا نے بتایا کہ اب وہ دوبارہ اتحاد ٹاؤن تھانے جائیں گے،اتحاد ٹاؤن تھانے کے ہیڈ محرر وسیم سے رابطہ کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ انھیں اس بات کی اطلاع ملی تھی کہ یہ علاقہ ان کی حدود میں شامل کر دیا گیا ہے تاہم اس کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا جس کے باعث علاقے میں ہونیوالی واردات سے ان کے تھانے کا کوئی واسطہ نہیں ہے حدود کے اس تنازعے کے باعث قائم خانی کالونی کے رہائشیوں کو ڈاکوؤں اور دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے، مکینوں نے آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ سے اپیل کی ہے وہ اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے علاقے کو کسی تھانے کی حدود ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔

واضح رہے آئی جی سندھ نے پولیس کو واضح ہدایت کی تھی کہ کسی بھی واردات میں ملزمان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں حدود کے تنازع میں نہ پڑیں۔
Load Next Story