جمہوریت کیلیے حکومت کا مدت پوری کرنا ضروری ہے وزیراعظم

جمہوریت کا سہرا صدرکو جاتا ہے، اجلاس سے خطاب، بجلی چوری کیخلاف قانون سازی کا فیصلہ


جمہوریت کا سہرا صدرکو جاتا ہے، اجلاس سے خطاب، بجلی چوری کیخلاف قانون سازی کا فیصلہ۔ فوٹو: اے پی پی

ISLAMABAD: پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتی نشستوں کو بڑھا کرچار فیصد کرنے اور بجلی کے بقایاجات کی وصولی اور بجلی چوری کی روک تھام کیلیے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جبکہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جمہوریت اور صرف جمہوریت سے ملک کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے، موجودہ جمہوری نظام کے تسلسل کا سہرا صدر زرداری کی بصیرت، دانشمندی اور دور اندیشی کو جاتا ہے، پیپلزپارٹی کو سادہ اکثریت حاصل نہ ہونے اور جمہوریت کو درپیش بے شمار چیلنجوں کے باوجود پارلیمنٹ کا اپنی آئینی مدت پورا کرنا اہم کامیابی ہے۔

پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت ہوا جس میں بلدیاتی انتخابات، نگران سیٹ اپ، اتحادیوں سے مشاورت کے امور پر غور کیا گیا، وزیرقانون نے قانونی و عدالتی امور پر بریفنگ دی، اقلیتوں کو درپیش مسائل اور توہین مذہب و رسالت کے خلاف قانون کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور تسلسل کیلیے موجودہ حکومت کا اپنی آئینی مدت پورا کرنا ضروری ہے اس سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جانا چاہیے کہ پیپلزپارٹی مزید چند ماہ تک اقتدار میں رہنا چاہتی ہے۔

پیپلزپارٹی نے عوام کے حقوق کے تحفظ اور جمہوریت کے نصب العین کیلیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور کسی کو بھی جمہوری نظام کی کامیابی پر کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ وزیراعظم نے تمام ارکان پارلیمنٹ کو دعوت دی کہ وہ اسلوب حکمرانی میں بہتری اور ملک کی ترقی کے حوالے سے تجاویز دیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے کیا گیا کہ معاملات پر پیشرفت کیلیے حکومتی اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج بلایا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے سرکاری ملازمتوں میں ارکان اسمبلی کا کوٹہ مختص کر نے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ یہ انتخابات کا سال ہے ارکان اسمبلی اپنے حلقوں پر توجہ دیں اور انتخابات کی تیاری شروع کردیں۔ موجودہ حکومت کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن پر اتحادیوں کی مدد سے قابو پایا جائے گا۔ توانائی بحران کے حل اور لوڈ شیڈنگ سے نجات کیلیے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انھوں نے عبدالقادر گیلانی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب عوام کی طرف سے پی پی کی قیادت پر دوبارہ اعتماد کا اظہار ہے۔ ثناء نیوز کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے حکومت اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی حمایت کر دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں