عمرہ زائرین پر پابندی سے پی آئی اے کو ایک ماہ میں 2 ارب روپے سے زائد کا نقصان

بھاری مالی نقصان کے باعث پی آئی اے کو آئندہ سال کے ہدف کا حصول خواب بن گیا


ویب ڈیسک March 10, 2020
پاکستان سے ہر ہفتے 47 پروازیں عمرہ زائرین کو لیکر جاتی ہیں، پی آئی اے حکام فوٹو: فائل

کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب کی جانب سے عمرہ زائرین کی آمد پر پابندی کے باعث پی آئی اے کو ایک ماہ کے دوران 2 ارب روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ایئر لائن کی ملک کے مختلف ایئر پورٹس سے ہر روز کئی پروازیں عمرہ زائرین کو لاتی اور لے جاتی ہیں۔ لاہور سے عمرہ زائرین کے لئے ہر ہفتے 12 ، اسلام آباد سے 11، کراچی سے10،ملتان سے 8 جب کہ پشاور اور سیالکوٹ سے 3،3 پروازیں چلائی جاتی ہیں۔ اس طرح پاکستان سے ہر ہفتے پی آئی اے کی 47 پروازیں عمرہ زائرین کو لے کر جدہ اور مدینہ جاتی ہیں۔

پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث سعودی حکومت کی پابندی سے 50 ہزار سے زائد عمرہ زائرین اپنے شیڈول کے مطابق سعودی عرب روانہ نہیں ہوسکے۔ پی آئی اے نے 31 مارچ تک عمرہ زائرین کی ٹکٹس منسوخ کر رکھی ہیں۔ بزنس ویزا اور اقامہ ہولڈرز مسافروں کی کم تعداد کے باوجود پی آئی اے خالی پروازیں چلانے پر مجبور ہیں۔ ایک ماہ کے دوران عمرہ زائرین پر پابندی سے قومی ایئرلائن کو ایک ماہ میں 2ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ اس قدر بھاری مالی نقصان کے باعث پی آئی اے کو آئندہ سال کے ہدف کا حصول خواب بن گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں