کورونا وائرس کراچی میں عوامی اجتماعات پرپابندی اور اسکول تعطیلات میں توسیع کی سفارش

وزیراعلی سندھ کا یہ سفارشات کرنے پر محکمہ صحت پر اظہار برہمی


ویب ڈیسک March 10, 2020
وزیراعلی سندھ کا یہ سفارشات کرنے پر محکمہ صحت پر اظہار برہمی

کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کے باعث محکمہ صحت سندھ نے شہر قائد میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور اسکولوں کی تعطیلات میں توسیع کی سفارش کردی تاہم سندھ حکومت نے یہ سفارشات مسترد کردی ہیں۔

کراچی میں وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں کورونا وائرس کے 9 مزید کیسز سامنے آگئے، تعداد 17 ہوگئی

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق محکمہ صحت نے وزیراعلی سندھ کو اسکولوں سمیت تعلیمی اداروں کو طویل عرصے کے لئے بند کرنے، پی ایس ایل میچز کے کراچی میں انعقاد اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کردی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ صحت سندھ کراچی آنے والے تمام مریضوں کی اسکریننگ کے لئے کراچی ایئرپورٹ پر ہیلتھ ڈیسک قائم کرے گا اور اسکریننگ کرے گا جبکہ تمام نجی اور سرکاری اسپتالوں میں کورونا وائرس سے متعلق معلومات کے لئے فرنٹ لائن ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔

محکمہ صحت سندھ نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو پی ایس ایل اور بڑے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کے لئے ایڈوائزری (ہدایات) جاری کی جائے گی۔

حکام نے کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والے شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر وہ حال ہی میں کسی ایسے ملک سے کراچی آئے ہیں تو وہ خود کو 14 دن کے لئے قرنطینہ میں رکھیں، کورونا کے مریضوں کے لئے گڈاپ اسپتال کو قرنطینہ کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔

سفارشات مسترد

دوسری جانب سندھ حکومت نے محکمہ صحت کی کراچی میں پی ایس ایل مقابلے منسوخ کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔

سندھ حکومت نے پی ایس ایل میچز معمول کےمطابق کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کورونا وائرس سےمتعلق محکمہ صحت کی تجاویز پر شدید اظہار برہمی کیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق صورتحال قابو میں ہے اور سندھ حکومت پی ایس ایل میچز کےانعقاد کےلیےتمام ضروری انتظامات کرےگی۔

وزیراعلی سندھ نے پی ایس ایل میچز پر پابندی اور اسکول تعطیلات میں توسیع کی سفارش کرنے پر محکمہ صحت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کی سخت سرزنش کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کا اعلامیہ شہر میں کوروناوائرس سےمتعلق خوف و ہراس پھیلانے کی وجہ بنا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پی ایس ایل پرپابندی کا حتمی فیصلہ آج شام ہوگا

علاوہ ازیں کراچی میں پی ایس ایل میچزکے بارے میں حتمی فیصلہ آج شام ہوگا۔ پی سی بی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ پی ایس ایل فائیوکے میچز کراچی سے منتقل کرنے کی ابھی کوئی تجویزنہیں ملی۔ سندھ حکومت سے رابطے میں ہیں اور اس کی صحت سفارشات پر مکمل عمل درآمد کریں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد18 ہوگئی ہے، یہ سارے وہ لوگ ہیں جنہوں نے بیرون ملک سفر کیا تھا اور وطن واپس آئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر نے ایران اور شام کا سفر کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |