یوٹیلٹی اسٹورز کا جہانگیر ترین سمیت شوگر ملز مالکان سے بغیر ٹینڈر چینی خریدنے کا فیصلہ

ایک لاکھ ٹن چینی خریداری کی سمری منظوری کے لئے کابینہ کو ارسال


ویب ڈیسک March 10, 2020
ایک لاکھ ٹن چینی خریداری کی سمری منظوری کے لئے کابینہ کو ارسال فوٹو:فائل

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور دیگر شوگر ملز مالکان سے بغیر ٹینڈر چینی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شوگر ملز مالکان سے ایک لاکھ ٹن چینی خریدنے کیلئے کابینہ سے خصوصی اجازت لی جائیگی، جس کی سمری منظوری کے لئے کابینہ کو بھجوا دی ہے۔

چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے کہا کہ شوگر ملز مالکان یوٹیلٹی اسٹورز کو کم نرخوں پر چینی دیں گے، وزیراعظم عمران خان کی مداخلت سے شوگر مالکان سستے داموں چینی دینے کو تیار ہوئے ہیں، جہانگیر ترین نے وزیراعظم کو کہا ہے کہ عوام کیلئے ڈیڑھ ارب کا نقصان برداشت کرنے کو شوگر مالکان تیار ہیں۔

ذوالقرنین خان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین سے 20 ہزار ٹن چینی خریدی جائے گی اور وہ 67 روپے فی کلو کی قیمت پر چینی دیں گے، جبکہ دیگر شوگر ملز مالکان 70 روپے فی کلو دیں گے۔

ذوالقرنین خان نے مزید کہا کہ شوگر ملز مالکان کی جانب سے یہ چینی مارکیٹ کے مقابلے میں سستے داموں مل رہی ہے، مارکیٹ ریٹ 81 روپے کلو ہے جبکہ ہمیں جہانگیر ترین سے 67 روپے کلو میں چینی ملے گی۔

جہانگیر ترین کا موقف

دوسری جانب جہانگیر ترین نے اس خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا میں ان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔

جہانگیر ترین نے چینی فراہمی کے حوالے سے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے چیئرمین کو خط لکھ کر کہا کہ میں نے نیک نیتی کے ساتھ یوٹیلٹی اسٹورز کو 20 ہزار ٹن چینی 67 روپے فی کلو کے رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن میڈیا میں موجود کچھ عناصر اس آفر کو غلط رنگ دے رہے ہیں۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ ایسا ظاہر کیا جا رہا ہے جیسے معاشی رابطہ کونسل کی جانب سے یہ آفر قبول کرنے کا مقصد مجھے نوازنا ہے جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے، میڈیا میں جاری منفی پراپیگنڈہ کے باعث میں یہ آفر واپس لینا چاہوں گا، تاہم میری ملز اب بھی اوپن ٹینڈر کے تحت 20 ہزار ٹن چینی رعائتی نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |