سابقہ حکومتوں کی مجرمانہ غفلت کی قیمت عوام نے چکائی وزیراعظم

جامع منصوبہ بندی کا فقدان دراصل ماضی کے حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، وزیراعظم


ویب ڈیسک March 10, 2020
جامع منصوبہ بندی کا فقدان دراصل ماضی کے حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، وزیراعظم (فوٹو: فائل)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے انتظامی سطح پر برتی جانے والی مجرمانہ غفلت کی قیمت عوام کے ہر طبقے نے چکائی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں کارفرما عوامل، موجودہ طریقہ کار، منظم اور جامع حکمت عملی اختیار کرکے قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر توانائی عمر ایوب، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر و سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو پٹرولیم مصنوعات کی درآمد اور ان کی قیمتوں پر کارفرما ہونے والے مختلف عوامل اور اخراجات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کی جانب سے نہ تو مناسب حکمت عملی اختیار کی گئی اور نہ ہی ترسیل اور دیگر متفرق اخراجات کو کم کرنے کے حوالے سے کوئی مناسب اقدامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور عوام پر اضافی بوجھ پڑتا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے انتظامی سطح پر برتی جانے والی اس مجرمانہ غفلت کی قیمت عوام کے ہر طبقے نے چکائی ہے، پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے ملکی مجموعی ضروریات کوپورا کرنے کے لیے وقتی اور قلیل مدتی انتظامات کو ترجیح دی گئی، اس ضمن میں جامع منصوبہ بندی کا فقدان دراصل ماضی حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت جاری کی اور کہا کہ ملکی ضروریات اور شرح نمو کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کی باہمی کوآرڈی نیشن سے جامع منصوبہ بندی اور حکمت عملی اختیار کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔