پی آئی اے نےاٹلی کیلیے پروازوں پر پابندی عائد کردی  

میلان سے بکنگ کروانے والے مسافروں کو پاکستان واپسی کے لیے خود پیرس پہنچنا ہوگا، ترجمان


Staff Reporter March 11, 2020
فیصلہ اٹلی کی جانب سے مسافروں کی آمد پر پابندی کے بعد کیا گیا ہے، ترجمان۔ فوٹو، انٹرنیٹ

پاکستان ایئر لائن نے اٹلی کے لیے پروازوں پر 31مارچ تک پابندی لگا دی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث اٹلی کی حکومت کی جانب سے مسافروں کی آمد پرپابندی کے بعد قومی ائیرلائن نے 31 مارچ تک پاکستان سے میلان کے لیے روانہ ہونے والی پروازیں عارضی طورپرمعطل کردی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جن مسافروں کے پاس کسی یورپی ملک کی شہریت ہے انھیں پی آئی اے کی جانب سے صرف پیرس تک سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی، مسافروں کو وہاں سے دیگر یورپی ممالک کے لئے سفر کا بندو بست خود کرنا ہوگا۔

ترجمان نے بتایا کہ وہ مسافر جو پیرس تک سفر کرنا چاہئیں گے ان کو تحریری یقین دہانی کروانا ہوگی کہ وہ پی آئی اے سے مزید کسی سفری سہولت کا مطالبہ نہیں کریں۔ تحریری یقین دہانی کے بعد ہی مسافروں کو پاکستان سے پیرس کے لئے بورڈنگ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو مسافرمیلان سے بکنگ کرواچکے ہیں وہ پیرس سے پاکستان کے لئے پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں تاہم انھیں پیرس تک خود پہنچنا ہو گا۔

ترجمان نے بتایا کہ ایسے افراد جو کسی یورپی ملک کی شہریت نہیں رکھتے اور ان کے پاس سیاحتی ویزہ، کسی یورپی ملک میں رہائش کا کارڈ یا کوئی اور سفری دستاویز ہے وہ میلان کے لئے سفر نہیں کر سکیں گے۔ اس صورت میں سفر نہ کرنے والے مسافر اپنے ٹکٹ بغیر کسی اضافی چارجز کے ریفنڈ کرواسکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کے بکنگ دفاتر مسافروں کو رہنمائی فراہم کر رہے ہیں، پی آئی اے مسافروں کو ہونے والی زحمت پر معذرت خواہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔