سندھ میں نادہندگان کے بجلی کنکشن کاٹ دیے جائیں عابد شیرعلی

گزشتہ 4ماہ میں حیسکو اور سیپکو میں بجلی چوری سے ساڑھے 4ارب روپے نقصان ہوا، عابد شیرعلی


Numainda Express November 29, 2013
لائن لاسز میں 50فیصد کمی نہ کرنیوالے افسروں کو صوبہ بدر کردینگے، حیدرآباد میں گفتگو۔ فوٹو : فائل

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے تمام نادہندگان کی بجلی فوری طور پر منقطع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

حیسکو کالونی میں حیسکو افسران کی میٹنگ سے خطاب اور بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لائن لاسز کم ہونے سے آئندہ موسم گرما میں لوڈشیڈنگ رواں سال کی نسبت کم ہوگی اور 6 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 4 ماہ میں سندھ میں حیسکو اور سیپکو میں 551 ملین یونٹ کی چوری ہوئی ہے، جس سے ساڑھے 4 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، انھوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ایک مہینہ کے اندر لائن لاسز میں 50 فیصد کمی لائی جائے۔ جو ایکس ای اینز ایک ماہ میں لائن لاسز میں 50 فیصد کمی نہیں لائیں گے، انھیں صوبہ بدر کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر واسا کے کنکشن کاٹنے کیلیے بھی ایک ماہ کی مہلت دی۔



انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیپکو اور حیسکو کے 50 ارب روپے دینے ہیں لیکن صوبائی سرکاری اداروں کے 14 ہزار کنکشنز میں سے سندھ حکومت5 ہزار کنکشن کو تسلیم نہیں کرتی، جن میں واسا کے کنکشنز بھی شامل ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم پر کام جاری ہے، 75فیصد زمین لے لی گئی ہے، بھاشا ڈیم کیلیے25 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں،کالا باغ ڈیم پاکستان کیلیے اہم ہے لیکن جب تک چاروں صوبے متفق نہ ہوں کالا باغ ڈیم نہ بنایا جائے تاہم انھوں نے کہا کہ وہ میڈیا سے گزارش کریں گے کہ وہ کالا باغ ڈیم کی اہمیت کو اجاگر کریں۔ انھوں نے بتایا کہ اس وقت فرنس آئل سے بجلی مہنگی پڑ رہی ہے لہذا سستی بجلی بنانے کے ذرائع پر کام کر رہے ہیں جس میں کوئلہ سے بجلی پیدا کرنا اولین ترجیع ہے۔ اس کے علاوہ انڈسٹری کو ہم 20 گھنٹے بجلی فراہم کر رہے ہیں اور ماہانہ 1.8بلین بجلی کی مد میں سبسڈی دی جاتی ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے پاور ہاوس کے مختلف شعبوں کا بھی دروہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں