جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پاک فوج کی کمان جنرل راحیل شریف کے سپرد کردی

وطن عزیر کی طرف سے سونپی گئی بھاری ذمہ داری سے باعزت طور پر عہدہ برآ ہورہا ہوں، اشفاق پرویز کیانی

جنرل اشفاق پرویز کیانی نے جنرل راحیل شریف کو پاک فوج کی کمان جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں پروقار تقریب کےدوران سپرد کی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پاکستان کی بری فوج کی کمان جنرل راحیل شریف کے سپرد کردی۔

جنرل اشفاق پرویز کیانی نے جنرل راحیل شریف کو پاک فوج کی کمان جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں کمانڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب کے دوران سپرد کی۔ کمان کی تبدیلی کی تقریب میں پاک فوج کے اعلیٰ عہدیدارون نے شرکت کی جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف بھی تقریب میں موجود تھے۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی جنرل اشفاق پرویز کیا نی تھے جنہیں جنرل سلیوٹ پیش کیاگیا۔ تقریب کے آغاز میں جنرل کیانی اور جنرل راحیل شریف کے پروفیشنل کیریئر اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ سابق اور موجودہ آرمی چیف جنرل کیانی اور راحیل شریف دونوں ایک ساتھ تقریب میں آئے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی اور اس دوران پاکستان کی چاروں علاقائی زبانوں میں ملی نغموں کی دھنیں بھی پیش کی گئیں۔ اس کے بعد میجر ذیشان نے تقریب کے مہمان خصوصی جنرل اشفاق پرویز کیانی کو پریڈ کے معاینے کی دعوت دی ۔ جس کے بعد جنرل کیانی نے پریڈکا معاینہ کیا۔

بحیثیت آرمی چیف تقریب سے اپنے آخری خطاب میں جنرل اشفاق پریز کیا نی نے کہا کہ آج کا دن اور یہ تقریب میرے لئے یادگار اور خصوصی اہمیت کی حامل ہے، 44 سال تک عسکری خدمات کی تکمیل پر پاک فوج کو خیرباد کہہ رہا ہوں۔ یہ امر میرے لئے باعث اطمینان ہے۔ جو بھاری ذمہ داری وطن عزیز نے مجھے سونپی تھی اللہ کے فضل و کرم سے میں اس سے باعزت طور پر عہدہ برآ ہورہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اس عظیم فوج کی 6 سال تک قیادت کرنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ اس طویل دور میں مجھے بہت سے نشیب و فراز دیکھنے کا موقع ملا لیکن اس دوران میں اللہ تعالیٰ کی مدد کا طلب گار رہا اور ہمیشہ کوشش کی کہ محنت، ایمانداری اور خلوص نیت کو اپنی زندگی کا شعار بناؤں، اس سے میری منزلیں آسان ہوئیں جس پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔


جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ میں نے پاک فوج کی کمان سنبھالی تو بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا جن سے نمٹنے کےلئے پاک فوج کو مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضروت تھی، ہم سب نے بحیثیت ایک ادارہ تمام معاملات پر بھرپور توجہ دی اور اپنے مقصد میں کامیاب ہوئے اور آج ہم فخر سے کہہ سکتےہیں کہ پاک فوج اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کےلئے مکمل طور پر تیار ہے، میرا ایمان ہے کہ فیصلوں کے پیچھے نیت صاف ہوتو اللہ تعالی مدد کرتا ہے۔

سکبدوش ہونے والے آرمی چیف نے کہا کہ ہماری آزادی کی 67 سالہ تاریخ میں پاک فوج نے جاں فشانی سے سرحدوں کا دفاع کیا اور کبھی قوم کو مایوس نہیں کیا۔ پچھلی ایک دہائی سے ہمارے ملک کو دہشت گردی کا سامنا ہے جس سے ملک کو بہت نقصان بھی پہنچا۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج اپنے خون کے نذرانے دے کر آزادی کی شمع کو روش رکھے ہوئے ہے، ہر سپاہی وطن کی مٹی کا قرض چکا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں پوری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے ہر گھڑی فوج کی حمایت اور اسی سےہمارے حوصلے بلند رہے ہیں، طن کےلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

اشفاق پرویزکیانی نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج ترقی سے مزید ہمکنار ہوگی اور ملک کی خوشحالی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ریٹائر ہونے کے بعد بھی میرا دل ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ دھڑکے گا، فوج کی کامیابی پر خوشی جب کہ رنج کا دکھ اور ملال ہوگا۔

واضح رہے کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ملٹری کالج جہلم سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کےبعد 1971 میں 5 بلوچ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کوئٹہ، کمانڈ اینڈ اسٹاف امریکا اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی بطور معلم آفیسرز ٹرینگ اسکول منگلا، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد جیسے نامور اداروں میں اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
Load Next Story