الیکشن کمیشن نے پنجاب کے بعد سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان مؤخر کردیا

حکومت سندھ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے متعلق تفصیلات ایک دن کی تاخیر سے بھیجی گئیں،الیکشن کمیشن

گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان موخر کر دیا تھا. فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے پنجاب کے بعد سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابا ت کے شیڈول کا اعلان موخر کر دیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں جو ایک دن کی تاخیر سے آج موصول ہوئیں جس پر الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ انہیں سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قوائد و ضوابط اور نئی حلقہ بندیوں کا نوٹی فیکیشن بھی موصول ہو گیا ہے تاہم ان تفصیلات کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کو وقت درکار ہے، تما م تفصیلا ت کا جائزہ لینے کے بعد ہی سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان جاری کیا جا سکے گا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے صرف بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان موخر کیا ہے جبکہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں میں ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے حلقہ بندیوں کا کام مکمل نہ ہونے اور دیگر قانونی تقاضے مکمل نہ ہونے کی وجہ میں بھی پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان موخر کر دیا تھا ۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 5 دسمبر تک حلقہ بندیوں سمیت تمام قانونی تقاضے کام مکمل کرکے الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا جائے گا۔
Load Next Story