پشاور میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلیے سول سیکرٹریٹ ملازمین کی اسکریننگ شروع

حکومت کی روایتی مصافحہ کرنے، گلے ملنے سے گریز کرنےاور غسل خانوں میں کاغذ کے ٹشو استعمال کرنے کی ہدایت

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ریسکیو اہلکار سیکرٹریٹ گیٹ پر تعینات کردیے گئے ہیں فوٹوفائل

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملازمین کی اسکریننگ شروع کردی گئی۔

دفتر آنے والے ملازمین کو ڈیجیٹل ایئر تھرمامیٹر سے چیک کیا جارہا ہے۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ریسکیو اہلکار سیکرٹریٹ گیٹ پر تعینات کردیے گئے ہیں جو سرجیکل گلوز، ماسک پہنے، ڈیجیٹل ایئر تھرمامیٹر سے ملازمین کو چیک کررہے ہیں۔


دو دو اہلکار مین انٹرنس گیٹ پر تعینات کیے گئے ہیں جو ریسکیواہلکار سیکرٹریٹ آنے والے افراد کا ٹمپریچر چیک کررہے ہیں۔ حکومت نے سرکاری دفاتر میں کورونا وائرس سےمتعلق احتیاطی تدابیر بھی جاری کی ہیں جس کے مطابق روایتی مصافحہ اور گلے ملنے سے گریز کرنے، غسل خانوں سے تولیے ہٹاکر کاغذ کے ٹشو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ ریلیف کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق کچھ عرصے کے لیے تمام بائیو میٹرک حاضری بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے تمام دروازوں اور سیڑھیوں کے دستوں کو ہاتھ نہ لگایا جائے اور کمروں کے دروازے کھلےرکھیں تاکہ کوئی دروازے کو کھولنے کی غرض سے دستےکو ہاتھ نہ لگاسکے۔
Load Next Story