اسلامی نظریاتی کونسل کا زینب الرٹ بل پر تحفظات کا اظہار

زینب الرٹ بل میں موت کی سزا برقرار رہنی چاہیے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل


ویب ڈیسک March 12, 2020
زینب الرٹ بل میں موت کی سزا برقرار رہنی چاہیے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل۔ فوٹو : فائل

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ زینب الرٹ بل خوش آئند ہے تاہم البتہ ہمیں اس پر تحفظات ہیں۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل نے 2 روزہ اجلاس میں غور کیا، جنسی زیادتی روکنے کے لیے خصوصی عدالتیں اور خصوصی پولیس اسٹیشن قائم کیے جائیں، لوکل سطح پر خصوصی سیل بھی قائم کیے جائیں کیونکہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر ہورہی ہے۔

قبلہ ایاز نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے تعلیمی اداروں میں بڑھتے ہوئے ہراسگی کے واقعات پر بھی غور کیا، جنرل مشرف کی متعارف کردہ پالیسیوں کے اکیڈمک آڈٹ کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کی جائے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے کہا کہ زینب الرٹ بل خوش آئند ہے تاہم البتہ ہمیں اس پر تحفظات ہیں، کونسل کا فیصلہ ہے کہ زینب الرٹ بل میں موت کی سزا برقرار رہنی چاہیے جب کہ کونسل نے بل کو زینب کے نام سے موسوم کرنے سے اختلاف کیا ہے، زینب کے نام سے بل متاثرہ خاندان کو ہمیشہ صدمے میں رکھنے کے مترادف ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ عورت مارچ پر اسلامی نظریاتی کونسل نے غور کیا ہے، اس معاملے پر ایک علمی و فکری نشست کا اہتمام کیا جائے گا جب کہ ڈاکٹر اگر تجویز کریں کہ عمرہ و زیارات سے گریز کریں تو سفر کو محدود کیا جانا چاہیے، جہاں وبائی امراض ہوں اس متاثرہ علاقے کے افراد دیگر شہروں میں آنے جانے سے گریز کیا جائے۔

ڈائریکٹر جنرل اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر انعام اللہ نے کہا کہ تعزیر میں بچے کے ساتھ زیادتی کی سزا قتل مقرر کرنا شرعی ہے، زیادتی کی سزا قتل مقرر کرنا مقننہ کا اختیار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں