وائرس کا ڈر بھلا کر شائقین اسٹیڈیم پہنچ گئے

مختلف بینرز تھامے رہے،کھلاڑیوں کے حق میں نعرے بھی لگائے

مختلف بینرز تھامے رہے،کھلاڑیوں کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ فوٹو: فائل

کورونا وائرس کا ڈر شائقین کو اسٹیڈیم آنے سے نہ روک پایا۔

کراچی کنگز اور لاہور قلندرزکا میچ دیکھنے کیلیے بڑی تعداد میں نیشنل اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ 32ہزار نشستوں کے اسٹیڈیم میں تقریباً 20ہزارافراد موجود تھے، مختلف انکلوژرزمیں کراچی کنگز کے مداح اس کی کرکٹ کٹ میں ملبوس نظر آئے، لاہور کو بھی شائقین نے سپورٹ کیا، میچ کے دوران تماشائیوں نے مختلف نعروں پر مشتمل بینرز تھامے ہوئے تھے۔


بین ڈنک کے مداح ان کی حمایت والے بینرز لے کر اسٹیڈیم پہنچے،ایک شائق چیونگم کا پیکٹ لے کر آیا، سندھ حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے اسٹیڈیم میں خصوصی اقدامات کیے گئے۔

میچ سے پہلے بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے اسٹیڈیم اور اطراف میں فیومیگیشن کی گئی، عام شائقین سمیت پی سی بی کے سی ای او وسیم خان کو بھی تھرمو گن سے جسم کا درجہ حرارت جانچنے کے بعد اسٹیڈیم داخلے کی اجازت دی گئی، میچ کے دوران تماشائیوں کیلیے ہینڈ سینیٹائزر کی سہولت موجود رہی۔

دریں اثنا تماشائیوں کے بغیر میچز کرانے کے فیصلے پر شائقین کرکٹ نے ملی جلی رائے کا اظہار کیا،کچھ کا خیال تھا کہ مقابلے خالی میدان میں نہیں ہونے چاہئیں،کچھ نے کہا کہ یہ فیصلہ درست اور انسانی جانوں کو بچانے کیلیے ضروری تھا۔
Load Next Story