وفاقی وزارت صحت نے جمعرات کو 3 ہزار ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا. فوٹو:فائل
وزیراعظم نوازشریف نے ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے 72 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نے حکم دیا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو نوٹیفکیشن جاری کرنے والوں کیخلاف فوری تحقیقات کی جائے۔ انہوں نے قیمتوں میں اضافے کو منسوخ کرتے ہوئے پرانی قیمتیں برقرار رکھنے کا حکم دیتے ہوئے 72 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ جمہوری حکومت کے خلاف سازش ہے، کسی قیمت پر قیمتوں میں اضافہ قبول نہیں۔ وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹری کی ریٹائرمنٹ کا ایشو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزارت صحت نے ادویہ ساز کمپنیوں کے دباؤ میں آکرڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی منظوری کے بعد گزشتہ روز نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی 3 ہزار ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔