وزارت خزانہ کے حرکت میں آنے سے ڈالر45پیسے سستاہوگیا

انٹربینک مارکیٹ میں اتارچڑھاؤ کے بعد ڈالر کی قدرمعمولی گھٹ کر 108.50 روپے رہی۔


Business Reporter November 30, 2013
انٹربینک مارکیٹ میں اتارچڑھاؤ کے بعد ڈالر کی قدرمعمولی گھٹ کر 108.50 روپے رہی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

وفاقی وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سخت اقدامات کے بعد جمعہ کو اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر45 پیسے کی کمی سے109.95 روپے کی سطح پر آگئی۔

تاہم انٹربینک مارکیٹ میں اتارچڑھاؤ کے بعد ڈالر کی قدرمعمولی گھٹ کر 108.50 روپے رہی۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک محمد بوستان نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ وزارت خزانہ کے سخت اقدامات کے بعد کمرشل بینکوں نے ایک ماہ کے وقفے کے بعدجمعہ کو اوپن مارکیٹ میں 10 کروڑ ڈالر سپلائی کیے جس سے روپے کی قدر کو سہارا ملا۔

جمعہ کو کمرشل بینکوں نے ایکس چینج کمپنیوں کواگرچہ ڈالر کی محدود پیمانے پرسپلائی کی ہے لیکن وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ایسوسی ایشن کویقین دہانی کرائی ہے کہ منگل 3 دسمبرسے کمرشل بینک انہیں 40 تا50 کروڑ ڈالر کی سپلائی کریں گے جس سے آئندہ ہفتے کے اختتام تک ڈالر کی قدر 109 روپے تک گھٹ جائے گی۔ ملک بوستان نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے فیصلہ کرلیا ہے کہ جو تجارتی بینک اوپن مارکیٹ میں مطلوبہ مقدار میں ڈالرسپلائی نہیں کرے گا اس بینک کا فارن کرنسی لائسنس معطل کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں