کورونا افریقا میں پھیل گیا 54 میں سے 23 ممالک میں وائرس کی تصدیق

صحت عامہ کے کمزور نظام کے باعث زیادہ جانی نقصان کے خدشات ہیں، ماہرین

ہفتے کو مزید چار افریقی ممالک میں اولین کیسز کی تصدیق ہوگئی۔ فوٹو، انٹرنیٹ

JAKARTA:
براعظم افریقا میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا مزید چار ممالک میں متاثرین کی تصدیق ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق براعظم افریقا کے 54 میں سے 23 ممالک میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

نمبیا، روانڈا، اسواتینی اور موریتانیہ میں ہفتے کو اولین کیس رپورٹ ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام متاثرین بیرون ملک سے سفر کرکے واپس آئے تھے۔

افریقی حکومتیں اور صحت عامہ سے متعلقہ ادارے وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ براعظم افریقا کی 1.3ارب آبادی کو صحت کے کمزور انفرااسٹرکچر کی وجہ سے شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

نمبیا میں اسپین سے آنے والے دو متاثرین کی تصدیق کے بعد 21مارچ کو ملک میں آزادی کی تقریبات منسوخ کردی گئیں۔ موریتانیہ میں بھی حفاظتی اقدامات کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔


ہفتے کو جنوبی افریقا میں 14نئے کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 38ہوگئی۔ جنوبی افریقا کی فوج نے ووہان چین میں موجود 121طلبا کو ملک واپس لانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ افریقی ممالک کے اسپتالوں میں بڑی تعداد میں انتہائی نگہداشت اور وینٹی لیٹر کی سہولیات دست یاب نہیں ہیں اس لیے خدشہ ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کے باعث خطے میں زیادہ جانی نقصان ہوسکتا ہے۔

گزشتہ دنوں بل گیٹس نے بھی ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ براعظم افریقا میں صحت عامہ کا نظام کورونا کا مقابلہ کرنے کا متحمل نہیں، اگر وائرس وبا کی صورت میں پھیل گیا ایک کروڑ ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا افریقا میں پھیلا تو ایک کروڑ ہلاکتیں ہوسکتی ہیں، بل گیٹس

 

Load Next Story