گلیڈی ایٹرز اپنا وجود برقرار رکھنے کیلیے بے قرار

خراب کارکردگی کو زیادہ سفر سے نہیں جوڑا جا سکتا،بولنگ کوچ


Zubair Nazeer Khan March 15, 2020
خراب کارکردگی کو زیادہ سفر سے نہیں جوڑا جا سکتا،بولنگ کوچ۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل5میں اپنے وجود برقرار رکھنے کیلیے بے قرار ہے جب کہ بولنگ کوچ عبدالرزاق نے کہاکہ اتوار کو کراچی کنگز کے خلاف کامیابی کیلیے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا پڑے گی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ پی ایس ایل کا کامیابی سے انعقاد ہو رہا تھا کہ کورونا وائرس آگیا،عالمی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی لگی ہے،ہمیں بھی خالی میدانوں پر میچز کرانے پڑے۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ رواں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی خراب کارکردگی کو زیادہ سفر سے نہیں جوڑا جا سکتا، ہم اب بھی لیگ میں اپنے وجود کو برقرار رکھ سکتے ہیں،البتہ ہمارے کھلاڑیوں کو کارکردگی دکھانے کی کوشش کرنا ہوگی، ہم اپنی خامیوں کو دور کریں گے،اگلے سال پی ایس ایل میں کوشش کریں گے کہ بالکل بھی غلطیاں نہ کریں۔

عبدالرزاق نے کہا کہ غیر ملکی کرکٹرز نے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے میں بہت اہم کردار ادا کیا، امید ہے کہ اگلے سال لیگ زیادہ اچھے انداز میں منعقد ہوگی،ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کرکٹ سخت محنت مانگتی ہے، اگر توجہ ہٹ جائے تو کرکٹر کی کارکردگی خراب ہو جاتی ہے، نوجوانوں کو چاہیے کہ بھرپور محنت پر توجہ دیں۔

ورلڈ کپ کے حوالے سے عبدالرزاق نے کہا کہ اگر پی سی بی نے مجھے میگا ایونٹ کے موقع پر بولنگ کے حوالے سے کوئی ذمہ داری سونپی تو اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں