شرافی گوٹھ میں زہریلا شربت پینے سے دادی پوتی اور پوتا ہلاک

خاتون،8 سالہ آفتاب اور7سالہ منیزہ نے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ دیا۔

زیر علاج بچے کے خون کے نمونے کیمیائی تجزیے کیلیے بھجوا دیے گئے ،بچوں کا والدسیمنٹ کے بلاک بنانے کا کام کرتا ہے ۔ فوٹو : پی پی آئی

شرافی گوٹھ میں نشاستہ پینے سے دادی پوتا اور پوتی ہلاک ہوگئے ،ایک پوتے کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس نے باورچی خانے کو سیل کرکے نشاستہ ودیگر سامان تحویل میں لے لیا ، اسپتال میں زیرعلاج بچے کے خون کے نمونے حاصل کرکے کیمیائی تجزیے کیلیے لیبارٹری بھجوا دیے، خاتون اور پوتا پوتی سپرد خاک کردیے گئے ، تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ کی آفریدی کالونی کی رہائشی70 سالہ اسلام بی بی زوجہ دلاور ، 8 سالہ آفتاب اور پوتی منیزہ زہریلی چیز پینے سے ہلاک ہو گئے جبکہ اس کا پوتا10 سالہ ساحل بیہوش ہو گیا ، ایس ایچ او شرافی گوٹھ اخلاق احمد نے بتایا کہ لانڈھی فیوچر موڑ کے قریب رہائش پذیر ریتی و بلاکوں کے تھلے کا مالک دوست محمد کے بچوں 10 سالہ ساحل ،8 سالہ آفتاب اور7سالہ منیزہ اسکول سے واپس آکر نشاستہ بنانے کو کہا ، دادی اسلام بی بی نے نشاستہ بنا کر بچوں کو پلایا اور خود بھی پیا ، کچھ ہی دیر بعد تینوں بچوں اور دادی کی حالت غیر ہوگئی جس پر تمام افراد کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، اس دوران بچے آفتاب ، منیزہ اوردادی اسلام بی بی نے دوران سفر ہی دم توڑ دیا۔


جبکہ 10سالہ ساحل کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال پہنچایا گیا ، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دوست محمد کے گھر کے باورچی خانے میں موجود نشاستہ اور دیگر سامان اپنی تحویل میں لیکر باورچی خانے کو سیل کردیا اور تحویل میں لیا گیا سامان اور جناح اسپتال میں زیر علاج ساحل کے خون کے نمونے حاصل کرکے انھیں کیمیائی تجزیے کیلیے لیبارٹری بھیج دیے،متوفی آفتاب تیسرے اور منیزہ دوسری جماعت کے طالب علم تھے ، بچوں کے والد کا بلاکوں کا تھلہ ہے ،نشاستے کا شربت سردی کے موسم میں گھروں میں بنا کر پیاجاتا ہے جس میں خشک میوہ جات چینی سمیت دیگر اشیا ڈالی جاتی ہیں، دادی اور دونوں بھائی بہن کی لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔



متاثرہ خاندان کے سربراہ اور دیگر لوگوں نے لکھ کر دے دیا ہے کہ ہمیں پولیس کارروائی نہیں کروانی ہے تاہم پولیس واقع کی مزید تفتیش کررہی ہے ، ہلاک ہونے والوں کی لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئے ، علاوہ ازیں اسلام بی بی اور پوتے پوتی کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء فیوچر کالونی مین بازار میں واقع جامع مسجد میں نماز جنازہ ادا کی گئی ، نماز جنازہ میں رشتے داروں اور اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ، اس موقع پر رقت آمیر مناظر دیکھنے میں آئے ، ہلاک ہونے والوں کو لانڈھی فیوچر کالونی کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
Load Next Story