کراچی میں خواجہ سرا کے گھر آنے والا نوجوان قتل

پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا جنہیں مزید تحقیقات کیلئے پاکستان بازار پولیس کے حوالے کیا جائے گا


Staff Reporter March 15, 2020
پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا جنہیں مزید تحقیقات کیلئے پاکستان بازار پولیس کے حوالے کیا جائے گا ۔ فوٹو : ایکسپریس

منگھوپیر کے علاقے خیر آباد میں خالی پلاٹ کے زیر زمین ٹینک سے ملنے والی لاش مغوی نوجوان کی نکلی جسے دوستوں نے خواجہ سرا انجم کے گھر پر جھگڑے کے دوران گلا دبا کر قتل کردیا تھا۔

ایس ایچ او منگھوپیر انسپکٹر گل اعوان نے بتایا کہ پانی کے ٹینک سے لاش ملنے کی اطلاع پر پولیس جب موقع پر پہنچی تو لاش کو مذکورہ مقام تک گھسیٹ کر لانے کے نشانات پائے گئے اور جب پولیس ان نشانات کی مدد لیتے ہوئے آگے بڑھی تو وہ ایک مکان پر جا کر ختم ہوگئے اور جب پولیس گھر میں داخل ہوئی تو وہ انجم نامی خواجہ سرا کا گھر تھا جہاں پر مقتول کے دونوں دوست دلاور اور وقار بھی بیٹھے ہوئے تھے، پولیس نے جب پوچھ گچھ کی تو خواجہ سرا نے لاعلمی کا اظہار کیا جب کہ گھر میں بدبو بھی آرہی تھی۔

گل اعوان نے بتایا کہ پولیس تینوں کو تھانے لے آئی اور جب سختی سے پوچھ گچھ کی تو انکشاف ہوا کہ مقتول اویس اپنے دوستوں کے ہمراہ خواجہ سرا انجم کے گھر آیا تھا جہاں اس کا دلاور اور وقار سے جھگڑے ہوگیا، اس دوران انہوں نے اویس کے سر پر وزنی چیز مارنے کے بعد اسے گلا دبا کر قتل کردیا اور لاش خواجہ سرا انجم گھر کے باتھ روم میں چھپا دی تاہم دوسرے روز آکر انہوں نے گھر کے اندر ایک کونے میں کچی زمین میں گڑھا کھود کر اویس کی لاش دفنا دی اور وہاں سے چلے گئے جب کہ خواجہ سرا لاش گھر میں دفنانے کی وجہ سے گھبرا کر گھر کو تالا لگا کر لاہور چلا گیا اور گزشتہ روز واپس گھر آکر گڑھا کھود کر مقتول کی لاش باہر نکالی اور گھسیٹتے ہوئے کچھ فاصلے پر خالی پلاٹ پر بنے ہوئے زیر زمین پانی کے ٹینک میں پھینک دی۔

انسپکٹر گل اعوان نے بتایا کہ دونوں دوستوں کی سفاکیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اہلخانہ کے ہمراہ مقتول اویس کو تلاش کرنے کا ڈرامہ رچا رہے تھے تاہم پولیس نے تینوں کو گرفتار کرلیا ہے جنہیں مزید تحقیقات کے لیے پاکستان بازار پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔