ایکنک اجلاس 20 فیصد زائد لاگت پر کرتارپورراہدری منصوبہ منظور

حکومت نے پپرا قواعد کے خلاف ایف ڈبلیو او کو اس منصوبے پر کام کی اجازت دی تھی

اجلاس میں مجموعی طور پر 101 ارب روپے مالیت کے 6 منصوبوں کی منظوری دی گئی فوٹو: فائل

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی ( ایکنک) نے 20 فیصد زائد لاگت پر کرتارپور راہداری کی منظوری دیدی۔

گذشتہ روز مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں 101 ارب روپے مالیت کے 6 منصوبوں کی منظوری دی گئی جن میں کرتارپور راہداری کی بعداز تعمیر قواعد میں نرمی کے تحت 20 فیصد زائد لاگت پر منظوری بھی شامل تھی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایکنک نے 16.55 ارب روپے کی نظرثانی شدہ لاگت پر کرتارپور کوریڈور کی تعمیر منظور کی۔ منظوری کے بعد منصوبے کے لیے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام ( پی ایس ڈی پی) سے رقم کے اجرا کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔


5 ماہ کے دوران یہ دوسری بار تھا جب ایکنک میں منظوری کے لیے یہ منصوبہ زیرغور لایا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن ( ایف ڈبلیو او) کو منصوبے پر کام کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ جب کہ پپرا قواعد 2004 کے تحت مسابقتی بولی کے عمل سے گزارے بغیر کوئی بھی سرکاری ٹھیکہ کسی کو نہیں دیا جاسکتا۔

قواعد کے تحت کوئی بھی سرکاری منصوبہ مجاز فورم جیسے سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی اور ایکنک سے پیشگی منظوری حاصل کیے بغیر شروع نہیں کیا جاسکتا۔ اس بارے میں وزارت خزانہ کا جاری کردہ بیان خاموش ہے کہ آیا پپرا کی جانب سے وزارت مذہبی امور کو اس منصوبے پر کام شروع کرنے کی اجازت کے بعد ایکنک نے اس کی منظوری دی تھی یا نہیں۔ واضح رہے کہ کرتارپور راہداری بھارتی پنجاب سے آنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے تعمیر کی گئی۔

گذشتہ برس جولائی میں وزارت مذہبی امور نے کرتار پور راہداری کا پی سی ون جمع کرایا تھا جس میں اس منصوبے کی لاگت 13.8 ارب روپے تھے۔ تاہم صرف دو ماہ کے بعد دوبارہ پی سی ون جمع کرایا گیا جس میں منصوبے کی لاگت 2.7 ارب روپے ( 19.6 فیصد) بڑھاکر 16.5 ارب روپے کردی گئی۔ یہ اضافہ نومبر 2021 تک آپریشن اور مینجمنٹ پر آنے والی لاگت کی مد میں کیا گیا جو پہلے پی سی ون میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ 30 کروڑ روپے منصوبے کے افتتاح کی مد شامل کیے گئے۔ ایکنک کے اجلاس میں وندر ڈیم پروجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی جو ضلع لسبیلہ میں دریائے وندر پر 15.3 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔

22.9 ارب روپے کی نظرثانی شدہ لاگت سے کچھی کینال منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا۔ پاکستان ریزز ریونیو پروجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی جس پر 12.5 ارب روپے لاگت آئے گی۔ ایکنک نے لاہور واٹر اینڈ ویسٹ واٹر مینجمنٹ پروجیکٹ کی بھی منظوری دی جس کی نظرثانی شدہ لاگت 14.4 ارب روپے ہے۔ اسی طرح فیصل آباد سٹی کے لیے ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی جس پر 19 ارب روپے لاگت آئے گی۔
Load Next Story