دعا منگی اور بسمہ اغوا کیس میں ملوث ایک ملزم گرفتار

اسلام آباد سے پکڑا گیا،ملزم کا دونوں لڑکیوں کے اغوا اور تاوان وصولی کا اعتراف


Wasiq Muhammad March 17, 2020
اسلام آباد سے پکڑا گیا،ملزم کا دونوں لڑکیوں کے اغوا اور تاوان وصولی کا اعتراف

پولیس نے دعا منگی اور بسمہ اغوا کیس میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے دونوں لڑکیوں کے اغوا کے ساتھ ساتھ تاوان کی رقم وصول کرنے کا بھی اعتراف کرلیا، ملزم کا تعلق ایک قوم پرست جماعت سے ہے، دونوں واقعات میں ایک ہی گروہ ملوث ہے۔

ذرائع کے مطابق اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے اسلام آباد میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دعا منگی اور بسمہ کے اغوا میں ملوث گروہ کے ایک کارندے کو گرفتار کرلیا، ملزم کا تعلق ایک قوم پرست جماعت سے ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کاروں کو تفتیش کے دوران کچھ اہم کامیابیاں ملی تھیں جن کی بنیاد پر شیریں جناح کالونی میں ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا تھا، اس گھر کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ دعا منگی کو اغوا کے بعد اسی گھر میں رکھا گیا تھا، اس گھر سے مذکورہ ملزم کا سراغ ملا اور اس کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے اے وی سی سی کی ٹیم اسلام آباد پہنچی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے دونوں لڑکیوں کے اغوا کا اعتراف کیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اس نے یہ بھی بتایا کہ دونوں لڑکیوں کو رقم حاصل کرنے کی غرض سے اغوا کیا گیا تھا۔

بسمہ کی رہائی کے عوض بھاری رقم بطور تاوان وصول کی گئی تھی جبکہ دعا منگی کی رہائی بھی تاوان کی ادائیگی کے بعد ہی عمل میں آئی تھی ، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں