سندھ وبائی امراض ایکٹ کے تحت مزید پابندیاں عائد نوٹیفکیشن جاری

تمام شاپنگ مالز، تمام ساحل، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ اور اسکولوں کو تاحکم ثانی بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا


ویب ڈیسک March 18, 2020
نوٹیفکیشن کا اطلاق پورے صوبے پر ہوگا، محکمہ داخلہ سندھ۔ فوٹو:فائل

سندھ وبائی امراض ایکٹ کےتحت مزید پابندیاں عائد کردی گئی ہیں اور پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کےمریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد سندھ وبائی امراض ایکٹ کےتحت مزید پابندیاں عائد کردی گئی ہیں اور صوبائی محکمہ داخلہ نے پابندیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کا اطلاق پورے صوبے پر ہوگا، حکومتی اقدامات کی خلاف ورزی پر فوری سزا ہوگی، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو غیر معمولی اختیارات تفویض کردیئے گئے ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق تجارتی مزاکز، میڈیکل اسٹورز اور اشیائے ضروریہ کے علاوہ تمام شاپنگ مالز، تمام ساحل سی ویو، ہاکس بے، سینڈز پٹ، پیراڈائز پوائنٹ بند رہیں گے، جب کہ بیوٹی پارلرز، الیکٹرونکس مارکیٹس، شادی ہالز، سینما ہالز، شورومز اور ہر طرح کی تجارتی وکاروباری سرگرمیاں 15 روز کے لیےمعطل رہیں گی، نجی ادارے ملازمین سے گھروں سےکام لینے کو ترجیح دیں۔

سیکریٹری تعلیم سندھ نے بھی اسکولوں کو تاحکم ثانی بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت اساتذہ و غیر تدریسی عملے کو اسکول بلانے پابندی عائد کی گئی ہےاور تاحکم ثانی کوئی اسکول اساتذہ یا غیر تدریسی عملے کو نہیں بلا سکتا، اس کا اطلاق سرکاری و نجی اسکولوں پر ہوگا، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب چیف سیکریٹری سندھ نے سرکاری دفاتر کی بندش کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت سندھ میں 3 اپریل تک سرکاری دفاتر بند رہیں گے، تاہم تمام محکموں کےانتظامی سربراہان اور سینئر افسران آن کال رہنے کے پابند ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق 23 سرکاری محکموں اور ان کے ذیلی دفاتر بند رہیں گے، خود مختار کارپوریشنز ،ادارے اور لوکل کونسلز میں بھی تعطیل ہوگی، جب کہ محکمہ داخلہ،خزانہ بلدیات میں سرکاری تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگا۔

حکومتِ سندھ نے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کو بھی 15 روز کے لئے بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت اندرون ملک بس سروس کل سے 15 روز تک بند رہے گی، ایک شہر سے دوسرے شہر اور سندھ سے دوسرے صوبوں سے نہ گاڑی آسکے نہ جاسکے گی، تاہم گڈز ٹرانسپورٹ اور ادویات کی ترسیل پر مامور گاڑیوں پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا اور شہریوں کے اندرون شہر سفر کیلیے ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق کھلا رہے گا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔