جاری کھاتوں کے خسارے میں 71 فی صد کمی

گزشتہ برس جولائی تا فروری کے مقابلے میں رواں سال تجارتی خسارہ 6 ارب 72 کروڑ ڈالر کم رہا، اسٹیٹ بینک


Business Reporter March 18, 2020
تجارتی خسارے میں کمی کی وجہ سے جنوری کے بعد فروری میں بھی جاری کھاتوں کے خسارے میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔ فوٹو، فائل

رواں مالی سال میں گزشتہ برس جولائی تا فروری کے مقابلے میں جاری کھاتے کا خسارہ 71 فی صد کم رہا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق تجارتی خسارہ میں کمی کے باعث جاری کھاتے کے خسارے میں کمی کا سلسلہ جنوری کے بعد فروری میں بھی جاری رہا۔ جولائی تا فروری جاری کھاتے کا خسارہ 2 ارب 84 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ خسارہ 9 ارب 81 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہاتھا۔

فروری میں جاری کھاتے کا خسارہ 21 کروڑ ڈالر اور فروری کا تجارتی خسارہ ایک ارب 58 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔ جب کہ گزشتہ ماہ اشیاء و خدمات کی تجارت کا مجموعہ خسارہ ایک ارب 98 کروڑ ڈالر رہا۔

رواں برس جولائی تا فروری کے دوران تجارتی خسارہ 13 ارب 21 کروڑ ڈالر رہا جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں ہونے والے خسارے سے 6 ارب 72 کروڑ ڈالر کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں تجارت کو 19 ارب 93 کروڑ ڈالر خسارے کا سامنا تھا۔

اسی طرح رواں برس جولائی تا فروری کے دوران اشیاء و خدمات کی تجارت کا مجموعی خسارہ 15 ارب 58 کروڑ ڈالر رہا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں اشیاء و خدمات کی تجارت کا مجموعی خسارہ 22 ارب 57 کروڑ ڈالر رہا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں