پنجاب حکومت نے سندھ کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ بند کردی

لوگ پنجاب میں پھنس گئے، مسافروں کا احتجاج، پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کی سندھ جانے کیلیے منہ مانگی رقومات کی وصولی شروع

لوگ پنجاب میں پھنس گئے، مسافروں کا احتجاج، پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کی سندھ جانے کیلیے منہ مانگی رقومات کی وصولی شروع (فوٹو : انٹرنیٹ)

کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے سندھ کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ بند کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد حکومت پنجاب اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب بھر سے سندھ جانے والی ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر بند کر دیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹریز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق سندھ کی حدود میں جانے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو روک دیا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے بس اڈوں کے ملحقہ تھانوں میں نوٹی فکیشن بھجوانے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹرز کو بھی انفرادی طور پر آگاہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب سے سندھ کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش سندھ حکومت کی درخواست پر کی گئی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذرائع کے مطابق پنجاب سے روزانہ ساڑھے 300 سے زائد بسیں تقریبا 15 ہزار مسافروں کو سندھ لے جاتی ہیں۔

ٹرانسپورٹ کی بندش پر مسافر سراپا احتجاج

دوسری جانب پنجاب سے سندھ کو ٹرانسپورٹ کی بندش پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ ہم نے ایڈوانس بکنگ کروائی لیکن ہمیں کسی نے آگاہ نہیں کیا کہ بس سروس بند کی جارہی ہے، بس سروس اچانک بند کرنے کی بجائے دو یا تین دن دیئے جاتے تاکہ مسافر اپنے گھروں کو واپس جاسکتے۔

لوگ اہل خانہ سمیت پنجاب میں پھنس کر رہ گئے


مسافروں نے مزید کہا کہ اب ہم اپنے اہلی خانہ سمیت پنجاب میں پھنس کر رہ گئے ہیں جس سے ہماری مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔ دریں اثنا صوبائی دارالحکومت کے مختلف بس اڈوں پر ٹرانسپورٹ عملے اور مسافروں کے درمیان بحث وتلخ کلامی کے واقعات بھی ہوئے۔

چند گھنٹے میں سروس بند کردی، کم از کم پہلے سے بتادیتے، مسافر برہم

لاہور سے کراچی جانے والی ایک فیملی کے سربراہ خالد نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے رشتے داروں کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے کورونا کی وجہ سے تقریب منسوخ ہوگئی، واپسی کے لیے ہم نے ایک روز قبل ایڈوانس بکنگ کروائی تو کسی نے نہیں بتایا کہ سروس بند ہوجائے گی، اب جب میں اپنی بیوی اور تین بچوں سمیت واپسی کے لیے اڈے پر پہنچا ہوں تو بتایا گیا ہے کہ آپ ٹکٹوں کے پیسے واپس لے لیں، جس سے ہمارے پریشانی بڑھ گئی ہے اب ایک طرف تو کرونا ہے اور دوسری طرف ہم گھر واپس نہیں جاسکتے۔

مسافر خالد نے مطالبہ کیا کہ حکومت کم از کم دو نہیں تو ایک دن کے لیے یہ پابندی ختم کرے تاکہ ہم واپس اپنے گھر پہنچ سکیں۔ مسافراس بات پر سخت غصے میں تھے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے بدانتظامی کی انتہا کرتے ہوئے فوری بس سروس بند کردی لوگوں کو واپس جانے کے لیے ایک دن تو کیا چند گھنٹے بھی نہیں دیئے گئے۔

سندھ جانے والی آن لائن گاڑیوں اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار شروع

دوسری طرف پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز نے پنجاب سے سند ھ جانے والے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا۔ کار، ٹیکسی مالکان نے بھاری کرایوں پر بکنگ شروع کردی، اس لوٹ مار میں آن لائن ٹیکسی سروسز نے بھی حصہ ڈالتے ہوئے " بیک ڈور "سے سندھ کے لیے مہنگے داموں سروس دینا شروع کردی۔

آن لائن ٹیکسی سروسز نے اپنی گاڑیوں کی ڈیوائسز بند کرواکر انہیں سندھ کے مختلف علاقوں میں بھیجنا شروع کردیا ہے۔ ا س حوالے سے آل پاکستان ٹرانسپورٹرز اونرز فیڈریشن کے چیئرمین اعظم خان نیازی نے "ایکسپریس" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومتی نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب سے سندھ کے لیے ٹرانسپورٹ سروس بند کردی ہے، ایڈوانس بکنگ بند کردی ہے جن لوگوں نے ایڈوانس بکنگ کروائی تھی انہیں شکریہ کے ساتھ کرایہ واپس کر رہے ہیں۔


اعظم خان نیازی نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ٹرانسپورٹرز حکومت کے ساتھ ہیں اور ہم محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

Load Next Story