فکسنگ کیس عمر اکمل پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

پی سی بی نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے 31 مارچ تک جواب طلب کرلیا

پی سی بی نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے 31 مارچ تک جواب طلب کرلیا . فوٹو: فائل

فکسنگ کیس میں ملوث عمراکمل پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی، پی سی بی نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے 31 مارچ تک جواب طلب کرلیا۔

2009میں کیریئر کے آغاز میں روشن مستقبل کی نوید سنانے والے عمر اکمل نے ابھی تک کرکٹ سے زیادہ تنازعات میں نام کمایا ہے، وہ پانچواں ٹیسٹ کھیل رہے تھے کہ آسٹریلیا میں انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بھائی کامران اکمل کو ڈراپ کیے جانے پر متبادل وکٹ کیپر بننے کے بجائے کمر کی تکلیف کا بہانہ کردیا۔

فروری 2014میں ٹریفک قوانین کی دھجیاں بکھیرنے کے بعد وارڈن سے لڑائی کی اور مقدمے کا سامنا کیا، اگلے سال ورلڈکپ میں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ہیڈکوچ وقار یونس نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کی بارے میں منفی رپورٹ دی۔

2015میں ہی حیدرآباد میں ایک ڈانس پارٹی میں موج مستی کرنے کی ویڈیو سامنے آئی، اگلے سال فیصل آباد کے ایک تھیٹر میں ایک رقاصہ کو دوبارہ پرفارم نہ کروانے پر جھگڑا کیا۔

چیمپئنز ٹرافی 2017میں فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے پر مکی آرتھر نے واپس بھجوا دیا تو پریس کانفرنس میں ہیڈکوچ پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے امتیازی سلوک اختیار ہے۔


رواں سال فروری میں فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے پر ٹرینر کے سامنے کپڑے اتار کر کہا کہ ''آپ کو چربی کہاں نظر آرہی ہے'' ابھی اس واقعے سے ان کی جان چھوٹی ہی تھی کہ 20فروری کو بکیز سے روابط کا الزام سامنے آگیا۔

پی سی بی نے عمر اکمل کو فوری طور ہر سطح کی کرکٹ سے معطل کردیا جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بھی خدمات سے محروم ہوگئی، اب بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت عمر اکمل کو چارج شیٹ جاری کردی ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق انھیں منگل کو چارج کیا گیا تھا، لہٰذا 14روز میں یعنی 31مارچ تک جواب جمع کرانا ہوگا، عمر اکمل پر آرٹیکل 2.4.4 کی 2 مرتبہ خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا،اس قانون کے تحت کسی بھی فرد کی جانب سے کرپشن کی پیشکش کے بارے میں پی سی بی ویجیلنس اینڈ سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو (بغیر کسی غیر ضروری تاخیر سے) آگاہ نہ کرنے والوں کو گرفت میں لایا جاتا ہے۔

جرم ثابت ہونے پر سزا 6 ماہ سے تاحیات پابندی مقرر ہے، بورڈ نے چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے الزامات کے حوالے سے کوئی تفصیل جاری کی نہ کسی واقعہ کی نشاندہی ہوئی ہے، البتہ یہ ضرور کہا کہ اس حوالے سے مزید کوئی بیان جاری نہیں کیا جائے گا، طریقہ کار کے مطابق عمر اکمل نے الزامات کو تسلیم کرلیا تو سزاسنا دی جائے گی۔

اگر انھوں نے اپنی بے گناہی پر اصرار کیا تو ایک ٹریبیونل کیس کی سماعت کرنے کے بعد فریقین کا موقف سننے کے بعد کیس کا فیصلہ کردے گا۔
Load Next Story