کورونا سے منسوخ ہونے والی پی ایس ایل کا اصل شیڈول بحال

حالات بہتر ہونے پر پی ایس ایل میں آخری مرحلے کے میچز طے شدہ فارمولے کے مطابق ہوں گے، ترجمان پی سی بی


ویب ڈیسک March 21, 2020
حالات بہتر ہونے پر پی ایس ایل میں آخری مرحلے کے میچز طے شدہ فارمولے کے مطابق ہوں گے، ترجمان پی سی بی

کورونا وائرس کے بعد حالات نارمل ہونے پر پی ایس ایل کا آخری مرحلہ جب بھی ممکن ہوگا اس میں سیمی فائنلز نہیں ہوں گے بلکہ پہلے سے طے شدہ فارمولے کے مطابق ایک ایلیمنٹر میچ، دو پلے آف اور ایک فائنل میچ کھیلاجائے گا۔

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد پی سی بی نے پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے پلے آف اور ایلیمینٹر راؤنڈ کے بجائے براہ راست سیمی فائنل کروانے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان پہلا سیمی فائنل، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان دوسرا سیمی فائنل ہونا تھا تاہم کراچی کنگز کے غیرملکی کھلاڑی الیکس ہیلز میں کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر سیمی فائنل سے اڑھائی گھنٹے قبل ہی بورڈ کی جانب سے ان مقابلوں کو اچانک ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔

پی سی بی ترجمان نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اب دوبارہ مقابلے جب بھی ممکن ہوں گے، وہ ایونٹ کے پرانے طریقہ کار کے تحت ہوں گے، اس کا مطلب یہ ہوگا کہ پہلے نمبرپر موجود ٹیم ملتان سلطانز اور دوسری پوزیشن والی کراچی کنگز کے پاس فائنل تک رسائی کے لیے دو مواقع ہوں گے۔ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز دونوں ٹیمیں ایلی مینیٹر میچ میں آمنے سامنے ہوں گی، فاتح ٹیم ڈائریکٹ فائنل میں رسائی پائے گی جب کہ ہارنے والی پہلے پلے آف لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی۔اس دوسرے پلے آف میں جو ٹیم کامیابی پائےگی، وہ فائنل کھیل سکے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔