کورونا وائرس سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان میں بھی فوج طلب

ہم لاک ڈاؤن کی طرف جارہے ہیں جس کا آج ہی اعلان کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ


ویب ڈیسک March 22, 2020
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خیبر پختون خوا میں لاک ڈاؤن ہے۔ فوٹو : فائل

KARACHI: کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں نے بھی فوج طلب کرلی ہے۔

ملک بھر میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں نے بھی وفاق سے فوج طلب کرنے کے لیے درخواست کردی ہے۔

بلوچستان حکومت؛

بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فوج کی مدد طلب کرلی ہے، بلوچستان حکومت نے آرٹیکل 245کے تحت پاک فوج کو سول اختیارات دینے کے لیے خط لکھ دیا ہے، بلوچستان حکومت کے مطابق پاک فوج کو آرٹیکل 245کے اختیارات دیے جائیں گے اور صوبے بھر میں ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوج کو سول اختیارات حاصل ہوں گے۔

پنجاب میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ؛

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی آرٹیکل 245 کے تحت صوبے میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

 

رواں ماہ گیس اور بجلی کے بل نہ لینے کی ہدایت؛

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں کا بجلی کا بل 5000 روپے تک ہے اُن سے مہینے کا بل نہ لیں، یہ 5000 روپے کا بل اگلے 10 مہینوں میں تھوڑا تھوڑا کرکے لیں، یہ ہدایت ایس ایس جی سی کے لیے بھی ہے، جن کا گیس بل 2000 روپے تک کا ہے اُن کا بل اس مہینے نہ لیا جائے جب کہ اگلے 2 مہینوں میں کوئی بجلی یا گیس کنیکشن کاٹے نہیں جائیں گے۔

سندھ میں فوج تعینات کرنے کی درخواست؛

گزشتہ روز سندھ حکومت نے بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے وفاق سے صوبے میں فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نے وفاقی وزارت داخلہ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سول ایڈمنسٹریشن کی مدد کے لیے افواج پاکستان کو تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

 

خیبر پختون خوا میں لاک ڈاؤن؛

خیبر پختون خوا نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔ محکمہ ریلیف کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے سبب صوبے بھر میں 3 روز کے لیے لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے، صوبے میں کریانہ، دودھ، ادویات ، بیکری، سبزی، فروٹ، پٹرول پمپ کھلے رہیں گے جب کہ بقیہ سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں